فیٹف کی اندھیرنگری، پاکستان گرے لسٹ میں برقرار،یواے ای بھی شامل
شیئر کریں
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے متحدہ عرب امارات کو بھی گرے لسٹ میں شامل کرلیا۔ ایف اے ٹی ایف کے مطابق متحدہ عرب امارات فیٹف کے ایکشن پلان کو نافذ کرنے کیلئے کام کریگا جبکہ اماراتی حکومت منی لانڈرنگ اور دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ ایف اے ٹی ایف کے اقدام پر اماراتی حکومت نے کہا ہے کہ امارات کوگرے لسٹ سے نکالنے کیلئے فیٹف کے ساتھ کام کررہے ہیں، معیشت میں مشکوک لین دین کی نشاندہی پر پیشرفت جاری ہے۔دوسری جانب منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کے عالمی اداریفنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) نے ایک بار پھر پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو رواں سال جون تک گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیٹف اجلاس میں پاکستان کو جون تک اہداف حاصل کرنے کا وقت دیا گیا ہے۔ایف اے ٹی ایف کے مطابق 27 میں سے 26 نکات پر پاکستان نے کام کر لیا ہے، آئندہ پاکستان کی کارکردگی کا جائزہ جون میں لیا جائے گا۔ گزشتہ سال اکتوبر میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو فروری 2022 تک گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ایف اے ٹی ایف کے صدر ڈاکٹر مارکوس پلییئر نے تین روزہ اجلاس کے بعد ورچوئل کانفرنس میں کہا تھا کہ پاکستان نے 34 میں سے 30 شرائط پوری کرلیں، پاکستان نے منی لانڈرنگ روکنے کے لیے اچھے اقدامات کیے۔فیٹف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو استغاثہ اور قانون سازی میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، اقوام متحدہ کے بلیک لسٹ افراد کے خلاف پاکستان کارروائی کرے۔