پیپلز پارٹی کی حکومت ہوتی تو مودی کے دانت کھٹے کر دیئے ہوتے ‘ بلاو ل بھٹو
شیئر کریں
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مشن تھا،کشمیریوں کی حقِ خود ارادیت کے لیے جاری جدوجہد کو پیپلز پارٹی کی جانب سے غیر متزلزل حمایت حاصل رہے گی،مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نامکمل ایجنڈا اور عالمی ضمیر پر بوجھ ہے۔ یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے تصفیے کے بغیر خطے میں پائیدار امن اور دنیا میں انسانی حقوق کی پاسداری کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سات دہائیوں تک مظالم کے پہاڑ توڑنے کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں ناکام ہوا ہے،مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کو روکنے کے لئے عالمی برادری کو اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر پاکستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہوتی تو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مودی کے دانت کھٹے کر دیئے ہوتے،پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کی کشمیر کاز کے لئے کی گئی کاوشوں کے باعث کشمیریوں کی دلوں میں ہمیشہ جذبہ محبت و اعتماد موجزن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام نے تو اپنی پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر کی وجہ سے رکھی تھی،یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہی تھیں جنہوں اپنی حکومت میں ہر سال 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا آغاز کیا،یوم یکجہتی کشمیر کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے معاملے کو عالمی سظح پر اٹھانا اور قربانیاں دینے والے کشمیریوں کو سلام پیش کرنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں عوامی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو ہر متعلقہ فورم پر زوردار آواز میں اٹھایا،پیپلزپارٹی ہمیشہ کی طرح آج بھی کشمیری عوام کی جدوجہد حق خوداررادیت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے،پارٹی قیادت کی اب یہ تیسری نسل ہے جس نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی ہر اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کی ذمہ داری اٹھا رکھی ہے،ہم اس ذمہ داری کو اسی عزم و ثابت قدمی کے ساتھ نبھاتے رہیں گے جو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خاصہ تھا۔