ترقی کا دارومدار آبی ذخائر کے استعمال پر منحصر ہے،سرتاج عزیز
شیئر کریں
اسلام آباد (این این آئی) سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے آبی وسائل سے متعلق 5.8 ارب روپے مالیت کے منصوبوں کی منظوری دیدی، جبکہ پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئر مین سرتاج عزیز نے کہاہے کہ مستقبل کی ترقی کا دارومدار پاکستان کے آبی ذخائرمیں توسیع اور مناسب استعمال پر ہے ٗ آبادی میں اضافے نے پوری دنیا کی زمین اور پانی کے ذخائر پربوجھ ڈالاہے ٗ آبی ذخائرکومحفوظ رکھنا لازمی ہے ٗ پانی کم سے کم استعمال ہو اور فصلوں کو پانی دینے کے جدید طریقوں کومتعارف کروانے کی اشدضرورت ہے۔گزشتہ روز ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پلاننگ کمیشن نے پاکستان کی پانی کی کمی کو دور کرنے اور بجلی پیداکرنے کے لیے مربوط منصوبہ بندی کی ہے، پانی کے ذخائر کو محفوظ کرکے زرعی ترقی میں اہم کرداراداکیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے استعمال میں کفایت شعاری جس میں فصلوں کوپانی دینے کے لیے مناسب طریقہ کار، ایسی فصلیں اگاناجس میں پانی کم سے کم استعمال ہو اور فصلوں کو پانی دینے کے جدید طریقوں کومتعارف کروانے کی اشدضرورت ہے۔ سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے گزشتہ اجلاس میں آبی وسائل سے متعلق 5.8 ارب روپے مالیت کے منصوبے منظور کیے گئے ہیں۔ اجلاس میں وزارت آبی سائل کی جانب سے 5 ارب 83کروڑ 36لاکھ 62ہزار روپے کی لاگت کا ضلع راولپنڈی میں پاپن ڈیم کی تعمیر کا منصوبہ پیش کیا گیا جس کا مقصد پنجاب میں زراعت، میونسپل، صنعت اور ماحولیات کے لیے بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنا ہے اور یہ منصوبہ 89 ہزار 600 ایکڑ فٹ پانی محفوظ کرے گا، جو 20 ہزار ایکڑ بارانی زمین کو آبپاشی کے لیے پانی مہیا کرے گا۔