میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سفر یاد۔۔۔ قسط41

سفر یاد۔۔۔ قسط41

منتظم
جمعه, ۶ جنوری ۲۰۱۷

شیئر کریں

رات کے نو بج رہے تھے ہمیں پی ٹی وی سے خبر نامے کا انتظار تھا لیکن خبریں شروع نہیں ہوئیں، ہم نے علی سے کہا نو بج گئے خبرنامہ شروع نہیں ہو رہا پتہ نہیں کیا مسئلہ ہے، علی بولا نو ہماری گھڑی میں بجے ہیں وہاں پاکستان میں رات کے گیارہ بج رہے ہیں ہمیں احساس ہوا کہ سعودی عرب میں ہم پاکستان سے دو گھنٹے پیچھے ہیں اس لیے جب یہاں سات بجیں گے تو پاکستان میں نو بجیں گے۔ یعنی خبرنامہ دیکھنے کے لیے ہمیں اب کل تک انتظار کرنا تھا۔ ویسے خوشی کی بات یہ تھی کہ ہم اپنے وطن کے چینلز دیکھ پا رہے تھے۔ خیر رات خاصی بیت چکی تھی اس لیے ہم نے سونے میں عافیت جانی۔ اگلے روز کالج سے واپسی پر ہمارا زیادہ تر وقت ٹی وی کے سامنے ہی گزرا۔ ہم نے سات بجے پی ٹی وی کا خبرنامہ بھی دیکھا۔ ملک کے حالات بالکل نہیں بدلے تھے اور خبریں بھی تبدیل نہیں ہوئی تھیں۔ حکمرانوں کی خبریں وزیروں کی خبریں، پی ٹی وی کی خبروں میں تو راوی یوں بھی چین ہی چین لکھتا ہے۔ ویسے اس چین کے معاملے میں خلیجی ممالک کا میڈیا پی ٹی وی سے کافی آگے نظر آتا ہے۔ یہاں امریکا کی جاپان کی ایشیا، یورپ، آسٹریلیا کی،ہر ملک کی خبر مل جاتی ہے، نہیں ملتی تو اپنے ملک کی خبر نہیں ملتی۔ ایک دن ہم لوگ کالج سے واپس آکر کھانا کھا رہے تھے کہ کسی نے زور زور سے ہمارے کمرے کا دروازہ کھٹ کھٹایا، باہر ولا کے دو تین لوگ کھڑے تھے، انہوں نے بتایا کہ آپ لوگوں نے مروا دیا، اب پتہ نہیں کون کون بھگتے گا۔ ہم نے کہا کیا معاملہ ہے تو پتہ چلا متواع پولیس آئی ہے اور ڈش انٹینا لگانے پر اعتراض کر رہی ہے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ آپ لوگوں نے کمرے کی چھت پر اپنا ڈش لگایا تھا جو دور سے نظر آرہا تھا اس لیے متواع پولیس والے آگئے ہیں۔ ہم ان لوگوں کے ساتھ چھت پر پہنچے جہاں دو وطنی باشندے موجود تھے فرق یہ تھا کہ ان دونوں نے اپنے سروں پر جو رومال رکھے ہوئے تھے ان کو کسی چیز سے باندھا نہیں گیا تھا۔ یعنی وہ جو عربوں کے سر پر موجود رومال پر ایک سیاہ دائرہ ہوتا ہے وہ موجود نہیں تھا۔ انہوں نے پوچھا یہ اوپر کس کا ڈش ہے ہم نے کہا ہمارا ہے، انہوں نے کہا ہذا شئے حرام، یعنی یہ حرام چیز ہے آپ لوگوں نے کیوں لگائی ہے۔ ہم نے انہیں سارے علاقے کے گھروں پر لگے تین تین چار چار ڈشوں کی طرف متوجہ کیا اور کہا شوف ہذا موجود علی کل منزل وطنی، یعنی یہ دیکھو ڈش تو تمام وطنیوں کے گھروں پر لگے ہوئے ہیں، ہمارے لیے حرام کیوں ہو گئے۔ جس پر متواع بولے سمجھانا ہمارا فرض ہے ہمارا کام ہی یہ ہے کہ لوگوں کو نیکی کی طرف بلائیں اور برائی سے روکیں، ہم نے کہا تو پہلے اپنے ہم وطنوں کو روکیں ہم تو فوراً ہی رک جائیں گے۔ ہماری کیا مجال کہ کہیں کسی گھر پر ڈش نہ ہو اور ہم اپنی چھت پر ڈش لگا لیں۔ متواع کہنے لگے کس کس کو سمجھائیں کوئی سنتا ہی نہیں امید ہے آپ لوگ سن لیں گے آپ کا ڈش دور سے نظر آرہا ہے اس کو اتار کر نیچے والی چھت پر لگا لیں تاکہ نظر تو نہ آئے۔ ہماری نوکریاں کیوں مشکل میں ڈالتے ہو۔
یہاں متواع یا مذہبی پولیس کے بارے میں کچھ بتاتے چلیں۔ متواع پولیس دراصل ادارہ برائے امر بالمعروف و النہی عن المنکر کے ارکان کو کہا جاتاہے، یہ معاشرے میں برائی کو روکنے اور نیکی کا درس دینے کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔ عام طور پر مملکت میں لوگوں کو متواع کے حوالے سے شکایات رہی ہیں، سمجھا جاتا ہے کہ یہ لوگ زبردستی لوگوں پر دین لاگو کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ آپ گھر سے نماز پڑھ کر نکلے اور کسی دوسری مسجد کے قریب سے گزرے جہاں نماز ہو رہی تھی اور باہر متواع موجود تھے تو آپ کو نماز نہ پڑھنے کے الزام میں دھر لیا جائے گا۔ شک ہونے پر یہ لوگ تعاقب کرکے بھی لوگوں کو گرفتار کر لیتے تھے تاہم اپریل2016سے سعودی عرب میں حکام نے ملک کی مذہبی پولیس یعنی متواع کے اختیارات میں کمی لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب سعودی عرب کے ادارہ برائے امر بالمعروف و النہی عن المنکر کے ارکان کو مشتبہ افراد کا تعاقب کرنے یا انھیں حراست میں لینے کی اجازت نہیں ہو گی۔ نئے احکامات کے مطابق مذہبی پولیس مشتبہ افراد کے بارے میں معلومات سکیورٹی فورسز کو دے گی۔ نئے قوانین کے تحت مذہبی پولیس مرد اور عورتوں کو گھلنے ملنے سے روکے گی، الکوحل پر پابندی کو نافذ کرے گی، خواتین پر ڈرائیونگ کرنے کی پابندی اور دیگر سماجی پابندیاں نافذ کرتی رہے گی۔ تاہم نئے قوانین میں کہا گیا ہے کہ وہ ان پابندیوں کا اطلاق نرم اور ہمدردانہ طریقے سے کریں گے۔ نئے قوانین میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متواع پولیس والے واضح طور پر اپنی شناخت کروائیں گے جس میں ان کا نام، عہدہ وغیرہ شامل ہو گا۔ متواع کے کہنے پر ہم نے اپنا ڈش اتار کر وہیں لگا لیا جہاں دیگر ڈش لگے ہوئے تھے۔ وہاں موجود لوگوں نے کہا بڑی بات ہے انہوں نے تم لوگوں کی جان اتنی آسانی سے چھوڑ دی۔ ہم نے کہا بھائی اصل میں یہ سچے لوگ تھے وطنیوں کے ڈش نہیں اتروا سکتے تھے اس لیے ہمیں بھی کچھ نہیں کہا۔۔۔۔۔ جاری ہے


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں