عمران خان کی آئی جی پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایت
شیئر کریں
چیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آئی جی پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے مونس الہی کی ملاقات ہوئی ہے جس میں کہا گیا کہ وزیرآباد واقعہ سے آئی جی پنجاب کی کارکردگی سے پی ٹی آئی کی اعلی قیادت مطمئن نہیں ہے۔ اس موقع پر عمران خان نے آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کوعہدے ہٹانے کی ہدایت کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب سے عمران خان پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ نہ درج کرنے پر اختلاف ہوا تھا۔ ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان پر پنجاب کی حدود میں تشدد کیا، جس پر آئی جی پنجاب کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ دوسری طر ف پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی طبیعت سنبھل رہی ہے اور ڈاکٹرز عمران خان کی ریکوری سے مطمئن ہیں۔ عمران خان جلد صحتیاب ہو کر اسپتال سے ڈسچارج ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملہ ہوا اور ایف آئی آر درج کرانا ہر شہری کا حق ہے لیکن 48 گھنٹے گزرنے کے باوجود ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں ہوئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جن پر الزام لگا ہے ان کے ماتحت کیسے شفاف انکوائری ہو گی؟ اور مدعی ملک کا مقبول ترین لیڈر ہے جو سابق وزیراعظم بھی ہے۔ لگ یہ رہا ہے کہ کچھ لوگ بے بس دکھائی دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی تحقیقات کا آغاز ہی نہیں ہوا ہے جبکہ حقیقت اور الزامات میں فرق صرف تحقیقات سے ہی تلاش کیا جاسکتا ہے۔ ملزم کی ویڈیو کون جاری کر رہا ہے؟ کیا یہ پنجاب حکومت نے جاری کی ؟ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کے سربراہ پر حملہ کیا گیا اور ہم آئی جی پنجاب کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ کل پنجاب کابینہ میں بھی یہ بات ڈسکس ہوئی ہے اور فائرنگ کے واقعے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں ۔