مسلم لیگ ن نے وزیراعظم کا ریلیف پیکیج مسترد کر دیا
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان کا ریلیف پیکج مسترد کردیا۔اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت کے وعدوں اور بجٹ کی طرح ان کے نام نہاد ریلیف پیکج بھی جھوٹ کا پلندہ ہیں، کیا بجٹ دیتے ہوئے نہیں کہا گیا تھا کہ یہ ٹیکس فری بجٹ ہے؟ اب قوم سے خطاب پر اعتراف کیا جارہا ہے کہ پیٹرول مہنگا ہوگا، جب پٹرول مزید مہنگا ہوگا، بجلی گیس کی قیمت بڑھے گی تو مہنگائی کیسے نہیں ہوگی؟شہباز شریف نے کہا کہ جس حکومت کے بجٹ اعدادوشمار ناقابل اعتبار ہوں، اس کی کسی بات کو سنجیدہ سمجھنا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں، ملک قرض کے بوجھ میں دب چکا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط نے قوم کا بھرکس نکال دیا ہے، ریلیف اور پی ٹی آئی دومتضاد چیزیں ہیں، نام نہاد ریلیف پیکیج کے اعلان کے وقت ہی یوٹلیٹی سٹور پر گھی اور خوردنی تیل 65 روپے لیٹر مہنگا ہونے کا اعلان ہورہا تھا ، ہول سیل مارکیٹ میں چینی 130 روپے کلو سے تجاوز کرچکی ہے۔