ہیرو ٹاورز شاپنگ مال میگا اسکینڈل کے بعد سرمایہ کاری کو شدید جھٹکا
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) حیدرآباد میں ہیرو ٹاورز شاپنگ مال میگا اسکینڈل کے بعد سرمایہ کاری کو شدید جھٹکا، کمرشل پراجیکٹ میں سرمایہ کاری انتہائی نچلی سطح پر آگئی، لوگ سرمایہ لگانے سے خوفزدہ، متعدد کیسز داخل ہونے کے باوجود ہیرو ٹاورز شاپنگ مال کی اونر شائستہ اسد سمیت دیگر ملزمان قانوں کی گرفت سے باہر، تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں ہیرو ٹاورز شاپنگ مال میگا اسکینڈل کے بعد سرمایہ کاری کو شدید جھٹکا لگا ہے، لوگوں کے اربوں ہیرو ٹاورز شاپنگ مال میں پھنسنے کے بعد لوگوں نے کمرشل پراجیکٹس میں سرمایہ کاری سے ہاتھ پیچھے کرلیا ہے، تین سال مکمل ہونے کے باوجود ہیرو ٹاورز شاپنگ مال پراجیکٹ پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکا ہے، جبکہ الاٹیز کا کرایہ بھی بند کردیا ہے جس کے باعث کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے والے شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے مجرمانہ خاموشی نے کئی سوال کھڑے کردیے ہیں۔ دوسری جانب بوگس چیکس دینے کی متعدد ایف آئی آرز میں نامزد ہیرو ٹاورز شاپنگ مال کی اونر شائستہ اسد، کلثوم برکت، عائشہ برکت اور محمد انور ابھی تک قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔ ذرائع کے مطابق بااثر بلڈر اسد اللہ برکت کے وسیع تعلقات کے باعث پولیس سمیت دیگر ادارے کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں، حیرت انگیز طور پر نامکمل پروجیکٹ کی بکنگ تاحال جاری ہے، جبکہ ہیرو بلڈرز اینڈ ڈوولپرز مختلف پراجیکٹس کے نام پر بکنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔