ممکنہ لانگ مارچ، اہم کارڈ ابھی میرے سینے سے لگے رہیں گے' عمران خان
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ممکنہ لانگ مارچ کا آغاز کہاں سے ہو گا، وقت اور جگہ کا تعین میں کروں گا، اہم کارڈ ابھی میرے سینے سے لگے رہیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین سے سے پارٹی رہنما وسیم رامے سمیت دیگر نے ملاقات کی ۔عمران خان نے پارٹی رہنمائوں کو لانگ مارچ کے لئے ٹاسک دے دیئے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہر ضلع سے چھ ،چھ ہزار لوگوں کو حقیقی آزادی مارچ میں لے کر آنا ہے، لانگ مارچ کا آغاز کہاں سے ہوگا وقت اور جگہ کا تعین میں کروں گا،لانگ مارچ کے بارے میں اہم کارڈ ابھی میرے سینے سے لگے رہیں گے۔انہوںنے کہا کہ پارٹی اپنی تیاری مکمل رکھے،ہر تنظیم اپنا اپنا ڈیٹا سینیٹر شبلی فراز کو بھیج دیں، ہر ضلع میں ساڑھے تین ہزار سے زائد عہدیدار ہوں گے جو مارچ میں لوگوں کو لے کر آئیں گے ،تنظیموں کی جانب سے مکمل ڈیٹا ملتے ہی لانگ مارچ کی کال دے دوں گا۔اس سے قبل عمران خان کے زیر صدارت ایوان وزیر اعلی 90 شارع قائداعظم میںاجلاس ہوا، اجلاس میں اسد عمر، شاہ محمود قریشی، میاں اسلم اقبال، یاسمین راشد، حماد اظہر و دیگر رہنما شریک ہوئے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک کو کرپٹ مافیا سے بچانا ہے۔ حقیقی آزادی کی حفاظت کرنا ہے اور آزادی مارچ کے لئے جب کال دوں آپ نے باہر نکلنا ہے۔عمران خان نے اس موقع ہر ارکان سے حلف بھی لیا، سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے حلف نامہ پڑھا۔عمران خان سمیت پارٹی کی تمام قیادت اور تنظیمی عہدیداران نے حلف اٹھا یا جس میں عہد کیا گیا کہ ملک کے آئین کی سر بلندی ،ملک کی سالمیت کے لئے حقیقی آزادی مارچ کے جہاد میں شرکت اور کسی قربانی سے دریغ نہیںکیا جائے گا۔