میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
فیٹف بل میں خلاف شریعت چیزوں پر علماء کی رائے مدنظر رکھیں گے ،نورالحق قادری

فیٹف بل میں خلاف شریعت چیزوں پر علماء کی رائے مدنظر رکھیں گے ،نورالحق قادری

ویب ڈیسک
پیر, ۵ اکتوبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

وفاقی وزیر مذہبی امورپیرنورالحق قادری نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے بل پر جو چیزیں شریعت کے خلاف ہیں ان پر علما کی رائے کو مدنظر رکھا جائے گا، کچھ عناصر لندن اور دہلی میں بیٹھ کر پاک فوج اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کررہے ہیں ۔ اتوارکوجامعۃ الرشید کراچی میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مسلم ممالک عالمی سازش کا شکار ہیں، دیگر ممالک کی طرح ہمارے ملک میں بھی فرقہ واریت کی سازش رچائی جارہی ہے ، ملک کو کمزور کرنے کے لئے لسانی بنیادوں کو ہوا دی جارہی ہے اور دشمن قوم کو تقسیم کرنے کیلئے سازشیں کررہا ہے ، ہمیں اس بیرونی سازش کو ناکام بنانا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارا سب سے مضبوط رشتہ پاکستانیت کا ہے ، ہمیں اس اصول کو اپنانا ہوگا، ترقی اور بہتری کے لئے وسیع فکر رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے ، بحث و مباحثہ میں بھی ہمیں محبت کی زبان کا استعال کرنا چاہیئے ، ایف اے ٹی ایف کے بل پر جو چیزیں شریعت کے خلاف ہیں ان پر علما کی رائے کو مدنظر رکھا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی افواج اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف کچھ عناصر لندن اور دہلی سے بیٹھ کر جو پروپیگنڈہ کر رہے ھیں وہ قابل مذ مت ھے ، پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اورپاک فوج اس کی محافظ ہے اس کے خلاف کی جانے والی ہر سازش کو ناکام بنا دیا جائے گا ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہاکہ پاک فوج نے اس ملک کے دفاع کی خاطر بہت قربانیاں دی ہیں۔شرکا سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے ، افواج پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ قابل قبول نہیں۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ تجارت کا جھانسہ دے کر اسرائیل مسلم ممالک سے تعلقات بڑھانے کی کوشش کررہاہے ، ایک طرف اسرائیل مسلمان ممالک سے تعلقات استوار کررہا ہے اور دوسری طرف اسرائیل فلسطین کے مسلمانوں پر ظلم کررہا ہے ، اسرائیل نہ ہمارا دوست تھا نہ کبھی ہوسکتا ہے ، پاکستان وہ ملک ہے جو مسلم ممالک کے دفاع میں آسکتا ہے اور اسلام کا وہ قلعہ ہے جو مزاحمت کی صلاحیت رکھتاہے ، اس وقت دنیا میں کوئی دوسرا اسلامی ملک دفاعی طاقت نہیں رکھتا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں