میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
جوخودکولیڈرکہلاتے ہیں وہ ہمارے دفترپردہشت گردی کرنے آئے ،وسیم اختر

جوخودکولیڈرکہلاتے ہیں وہ ہمارے دفترپردہشت گردی کرنے آئے ،وسیم اختر

ویب ڈیسک
اتوار, ۵ ستمبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

کراچی میں غیر تجربہ کار ایڈمنسٹریٹر لگائے گئے ہیں، سابق میئر کراچی، جنوبی پنجاب کی طرح سندھ کے شہری علاقوں میں سیکریٹریٹ قائم کئے جائیں ، وسیم اختر کی ایم کیو ایم پاکستان کے زونل آفیس پر پریس کانفرنس ،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینر اور کراچی کے سابق میئر وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی میں اتنی بارش نہیں ہوئی جتنے سیوریج کے نالے اْبل رہے ہیں اور گھروں میں پانی جمع ہے۔ غیر تجربہ کار ایڈمنسٹریٹر لگائے گئے ہیں جنہیں کچھ پتہ نہیں، جنوبی پنجاب کے سیکریٹریٹ کی طرح سندھ کے شہری علاقے میں بھی سیکریٹریٹ قائم کیا جائے۔ وہ حیدرآباد میں زونل آفس پر پریس کانفرنس کررہے تھے۔ اس موقع پر ایم کیوایم کے زونل آرگنائزر ظفر احمد صدیقی، رکن قومی اسمبلی صلاح الدین، اراکین صوبائی اسمبلی راشد خلجی، ناصر قریشی اور دیگر بھی موجو دتھے۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کراچی میں جو ایڈمنسٹریٹر لگایا گیا ہے اسے پتہ ہی نہیں کہ پائپ کیسے لگتے ہیں، پہلے تجربہ کار ایڈمنسٹریٹر آتے تھے جنہیں ہر چیز کے بارے میں علم ہوتا تھا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے جنوبی پنجاب کا سیکریٹریٹ قائم کردیا ہے، جو خوش آئند ہے، جلد سے جلد سندھ کے شہری علاقے میں بھی سیکریٹریٹ قائم کیا جائے، سندھ میں جہاں جہاں کوٹہ سسٹم ہے وہاں سیکریٹریٹ ہونا چاہئے ابھی جو موجودہ سیکریٹریٹ ہے وہ قوم پرستوں کا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز ایم کیوایم حیدرآباد کے زونل آفس پر دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا، کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں ایم کیوایم بھرپور حصہ لے رہی ہے جس سے خوفزدہ ہوکر ایک ٹولے نے وارڈ 7اور ضلعی آفس پر حملہ کیا، توڑ پھوڑ کی، ہمارے انتخابی نشان پتنگ کی بے حرمتی کی گئی، امیدواروں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس ہماری ایف آئی آر درج نہیں کررہی ہے۔ حیدرآباد کی انتظامیہ اور پولیس دہشت گردوں کیخلاف ایف آئی آر درج کرے نہیں تو پھر ہم قانونی راستہ اختیار کریں گے اور اسمبلی میں بھی ہمارے نمائندے اس واقعے کیخلاف تحریک پیش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ جن لوگوں نے ہمارے دفتر پر حملہ کیا وہ حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں مسترد کئے جاچکے ہیں اور یہ اس طرح کے حربے استعمال کرکے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات سے فرار چاہتے ہیں ،لیکن ہم انہیں الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں انہوں نے ہماری جماعت کو تباہ کیا، اب یہ ہم میں نہیں ہیں ان کو ایک ٹھکانہ مل گیا ہے، میں کارکنوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کسی لڑائی جھگڑے میں نہ پڑیں اور اپنی انتخابی مہم جاری رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم ان سے نہیں لڑرہے جو خود کو لیڈر کہلاتے ہیں وہ دہشت گردی کرنے ہمارے دفتر آئے یہ بھیڑ کے بدمعاش ہیں کارکنوں کو آگے کرکے لڑواتے ہیں۔ ہم ان سے لڑنے کے بجائے الیکشن میں لڑیں گے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں