میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
توشہ خانہ کیس: عمران خان کو 3 سال قید، ایک لاکھ جرمانے کی سزا

توشہ خانہ کیس: عمران خان کو 3 سال قید، ایک لاکھ جرمانے کی سزا

جرات ڈیسک
هفته, ۵ اگست ۲۰۲۳

شیئر کریں

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کارروائی کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ توشہ خانہ کارروائی کیس کی سماعت تین مرتبہ وقفے کے بعد شروع ہوئی، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث عدالت میں پہنچے اور بتایا کہ میں گزارشات کرنا چاہتا ہوں۔ ہمیں ہائی کورٹ میں داخلے سے روکا گیا، ہم آپ کی عدالت منتقلی کی درخواست دائر کر رہے ہیں۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ملزم کے خلاف الزام ثابت ہوگیا ہے۔ ملزم نے جھوٹا بیان جمع کروایا، ملزم نے جھوٹی ڈیکلریشن دی، ملزم نے الیکشن کمیشن میں جھوٹا بیان حلفی دیا۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کرپٹ پریکٹسز کے مرتکب قرار دے دیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی بددیانتی ثابت ہو گئی ہے۔ عدالت نے سابق وزیراعظم کو تین سال قید کا حکم سناتے ہوئے ان پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو فوری گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی اسلام آباد وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کروائے۔ اسلام آباد میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے فیصلے کے بعد احاطہ عدالت میں ن لیگ کے حامی وکلا کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔ قبل ازیں توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کو دلائل کے لیے آخری مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ 12 بجے تک دلائل دیں ورنہ فیصلہ سنا دوں گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کے عدالت میں بروقت پیش نہ ہونے پر 2 مرتبہ وقفے کے بعد سماعت شروع ہوئی، جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہمایوں دلاور کے روبرو چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث کے معاون وکیل خالد یوسف چودھری پیش ہوئے اور انہوں نے کہا کہ خواجہ حارث احتساب عدالت میں موجود ہیں، انہوں نے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملزم کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے۔ واضح کردیں کہ خواجہ حارث احتساب عدالت میں دلائل دے رہے ہیں۔ ہمیں علم ہوا ہے کہ خواجہ حارث نے احتساب عدالت میں ڈھائی بجے کا وقت لیا ہوا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ملزم کو واضح ہدایات تھیں کہ ساڑھے 8 بجے حاضری یقینی بنائیں۔ میں نے کہا تھا اگر ملزم پیش نہ ہوا تو وارنٹ گرفتاری جاری کریں گے۔ سیشن جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کو آخری مہلت دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ 12 بجے تک دلائل دیں ورنہ فیصلہ سنا دوں گا۔

جج ہمایوں دلاور کی وکیلِ الیکشن کمیشن سے شعر سنانے کی  فرمائش

قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس کی سماعت شروع ہوئی تو الیکشن کمیشن کے وکلا امجد پرویز اور سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے جب کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔ سیشن جج ہمایوں دلاور نے امجد پرویز سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ کہہ دیں، کوئی شعر ہی کہہ دیں، جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے شعر سنایا

وہ ملا تو صدیوں کے بعد بھی میرے لب پہ کوئی گلہ نہ تھا

اسے میری چپ نے رلا دیا جسے گفتگو میں کمال تھا

بعد ازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کو ساڑھے دس بجے تک کی مہلت دے دی۔

جج ہمایوں دلاور کی سکیورٹی  میں اضافہ

چیئرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل کرنے والے جج ہمایوں دلاور کی سکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جج ہمایوں دلاور کی سیکورٹی کے پولیس اسکواڈ کو بڑھا دیا گیا ہے۔ ان کے ساتھ دو پولیس اسکواڈ تعینات کردیے گئے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں