سندھ کابینہ میں تبدیلی کافیصلہ ،متعددوزراء کے قلمدانوں میں ردوبدل پرغور
شیئر کریں
(رپورٹ: علی کیریو)پیپلز پارٹی قیادت نے سندھ کابینہ میں تبدیلی کی ٹھان لی، سہیل انور سیال، نثار احمد کھوڑواور ہری رام کشوری لال سے وزارتیں واپس لینے کااصولی فیصلہ کرلیا، سعید غنی اور سید ناصر شاہ کے محکمے تبدیل ہونے کا امکان ، ساجد جوکھیو، لیاقت آسکانی ، جام خان شورو، منظور وسان، ارباب لطف اللہ ، ریاض شاہ شیرازی کو کابینہ میں شامل کیا جائے گا، جبکہ مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کی ایڈمنسٹریٹرکراچی کے طور پر تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری اور پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی منظوری کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کابینہ میں تبدیلی کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے فارغ کیے جانے والے وزراء اور نئے شامل ہونے والے وزراء کے ساتھ 5 گھنٹے تک سی ایم ہائوس میں اجلاس کیا، مراد علی شاہ نے ورکس اینڈ سروسز کے مشیرنثار احمد کھوڑو،وزیر آبپاشی، عشرزکواة اوقاف سہیل انور سیال اور خوراک اقلیتی امور کے وزیر ہری رام کشوری لال سے خاص طور ملاقاتیں کرکے وزارتیں واپس لینے کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔ جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سے ساجد جوکھیو، جام خان شورو ،منظور وسان، لیاقت علی آسکانی، وزیرتعلیم سعید غنی، وزیراطلاعات ، بلدیات سید ناصر حسین شاہ، تنزیلہ قمبرانی، سید ریاض شاہ شیرازی، گیانچند ایسرانی، ارباب لطف اللہ ، فیاض علی بٹ اورضیا عباس شاہ رضوی نے بھی ملاقاتیں کیں۔ ذرائع کے مطابق وزیرتعلیم اور لیبرسعید غنی اور وزیراطلاعات ، بلدیات اور جنگلات سید ناصر حسین شاہ کے محکموں میں ردوبدل کرکے ایک ایک محکمہ واپس لینے کا امکان ہے، سعیدغنی سے محکمہ تعلیم واپس لے کر وزیر ثقافت سید سردار شاہ کودینے کا امکان ہے ، سردار علی شاہ پہلے بھی وزیرتعلیم رہ چکے ہیں۔ کراچی سے ساجد جوکھیو اور لیاقت علی آسکانی کو سندھ کابینہ میں شامل کرنے فیصلہ کیا گیا ہے، ساجد جوکھیو کو وزیر اور لیاقت آسکانی کو خاص معاون یا مشیر کا عہدہ دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی قیادت نے کراچی کے ترقیاتی منصوبوں،پانی فراہمی، صفائی اور دیگر معاملات مشیر قانون مرتضیٰ وہاب کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے اورمرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن آج جاری ہوگا۔ سابق وزیر بلدیات جام خان شورو اور گیانچند ایسرانی کو بھی دوبارہ کابینہ میں شامل کرکے وزیر بنایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ارباب غلام رحیم کو معاون خصوصی کا عہدہ دینے کے بعد پیپلز پارٹی نے ان کے سیاسی حریف اور بھتیجے ارباب لطف اللہ کو خاص معاون بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹھٹھہ کے شیرازی خاندان کے نوجوان ریاض شاہ شیرزای کوبھی کابینہ میں کیا جائے گا، شیرازی گروپ کے سربراہ اعجاز شاہ شیرازی کے انتقال کے بعد سماجی فلاح و بہبود کا محکمہ خالی ہے۔ذرائع کے مطابق سندھ کابینہ کے وزراء کے محکموں کے حوالے سے نوٹیفکیشن آج جاری کیا جائے گا اور حلف برداری کی تقریب آج شام 7 بجے گورنر ہائوس میں ہوگی۔