وزیراعلیٰ سندھ کا یومِ سیاہ پر پیغام، جمہوریت کے دفاع کے عزم کا اظہار
شیئر کریں
5 جولائی ہمیں آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے تحفظ کے عزم کی یاد دلاتا ہے، سید مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977 پاکستان کی جمہوری تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا، جب عوام کے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت پر مارشل لا نافذ کیا گیا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کا خاتمہ عوامی رائے اور آئین پر حملہ تھا، جبکہ آمریت نے جمہوریت، آئین اور عوام کے حقِ حکمرانی کو پامال کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں آمریت کا جرات، استقامت اور عوامی طاقت سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے عوام کو سیاسی شعور، خوداعتمادی اور جمہوری حقوق کا احساس دیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ 5 جولائی ہمیں آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے تحفظ کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔ جمہوریت ہی پاکستان کے استحکام، ترقی اور قومی یکجہتی کی ضامن ہے اور ہم ہر قیمت پر آئین، جمہوریت اور عوام کے حقِ حکمرانی کا دفاع کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت اور قومی سالمیت کے خلاف ہر سازش کو عوامی طاقت سے ناکام بنایا جائے گا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جدوجہد اور شہداِ جمہوریت کی قربانیاں قوم کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔


