افغانستان دہشت گردی کیخلاف موثر اقدامات کرے ،وزیراعظم
شیئر کریں
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ افغانستان دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کرے تاکہ اس کی سر زمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہ ہو،ایس سی او فلسطین کی صورتحال پر آواز اٹھائے ،پاکستان فلسطین کے مسئلے کا 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی طرز پر دو ریاستی حل کا حامی ہے جس کے تحت فلسطینی ریاست کا قیام ہو اور جس کا دارالحکومت القدس ہو،اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر کے تحت خطے کے لوگوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا ۔ انہوںنے کہاکہ امن و سلامتی کے قیام، معاشی ترقی ،غربت کے خاتمے اور ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے نمٹنے کے لئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایس سی او فلسطین کی صورتحال پر آواز اٹھائے ۔ انہوںنے کہاکہ اسرائیل نے غزہ میں ظلم کے پہاڑ توڑے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ فلسطین میں 37 ہزار کے قریب معصوم لوگوں کو شہید کیا جا چکا ہے جن میں زیادہ تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے ،اسرائیل کی جانب سے 20 لاکھ فلسطینیوں کو بے گھر کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان فلسطین کے مسئلے کا 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی طرز پر دو ریاستی حل کا حامی ہے جس کے تحت فلسطینی ریاست کا قیام ہو اور جس کا دارالحکومت القدس ہو ۔ شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی, چاہے وہ ریاستی دہشت گردی ہو یا کسی تنظیم یا فرد کی جانب سے، کی پر زور مذمت کرتا ہے۔ شہبازشریف نے کہاکہ اسلامو فوبیا کے خاتمے کے لئے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے ۔ شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان اس سال اکتوبر میں ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے اجلاس کی میزبانی کے لئے پر عزم ہے ۔وزیراعظم نے چین کو شنگھائی تعاون تنظیم کی سال 2024-2025 کی صدارت ملنے پر چینی صدر شی جن پنگ کو مبارکباد دی ۔وزیراعظم نے بیلاروس کو شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت ملنے پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔