میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عمران خان کی اہلیہ کے لیے ہیرے کے تحفے کا ذکر، ملک ریاض کا نیا آڈیو ٹیپ

عمران خان کی اہلیہ کے لیے ہیرے کے تحفے کا ذکر، ملک ریاض کا نیا آڈیو ٹیپ

جرات ڈیسک
اتوار, ۵ جون ۲۰۲۲

شیئر کریں

بزنس ٹائیکون ملک ریاض اور ان کی بیٹی کا ایک مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آیا ہے جس میں عمران خان کی اہلیہ کو ایک کام کے عوض ہیرے کے تحفے کا ذکر ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نئے آڈیو ٹیپ میں ملک ریاض کو ان کی بیٹی عنبر مبینہ طور پر فرح گوگی سے ہونے والی بات چیت اور اس کی فرمائشوں سے متعلق تفصیلات کا ذکر کررہی ہیں۔ آڈیو ٹیپ میں عنبر اپنے والد کو کسی کام کے عوض ہیرے کی انگوٹھی کا ذکر کررہی ہیں جو مبینہ طور پر سابق خاتون اول کو ان کی دوست فرح گوگی کے ذریعے دی گئی۔ٹیلی فونک گفتگو میں عنبر اپنے والد کو فرح گوگی سے بات چیت اور فرمائشوں کا ذکر کررہی ہیں۔عنبر اپنے والد کو پنجابی زبان میں کہتی ہیں کہ اس (فرح گوگی) کا فون آیا تھا، وہ کہہ رہی ہے کہ انگوٹھی منگوالیں ، میں نے منگوالی ہے۔ اس نے کہا ہے کہ ہفتے کو میری ملاقات ہے اس سے پہلے انتظام کرلیں جس پر ملک ریاض اپنی بیٹی کو کہتے ہیں کہ انگوٹھی منگوا دو، جواب میں عنبر نے کہا کہ میں نے اویس کو کہہ دیا ہے پرسوں آجائے گی۔ جواب میں ملک ریاض کہتے ہیں کہ اسے کہو کہ یہیں سے تیار کرکے منگوالو۔ عنبر نے جواب نے کہا کہ وہ کہتی ہے کہ مجھے ہیرا منگوا دو، انگوٹھی میں یہیں سے بنوالوں گی، جو پیسے بنیں وہ دے دینا۔ ملک ریاض کو ان کی بیٹی مزید کہتی ہیں کہ اس نے کہا کہ خان صاحب کا فون آیا تھا، صبح آپ کی سائیٹ کے تالے کھل جائیں گے۔ جو رپورٹ جمع کرائی ہے ، خان صاحب نے کہا ہے کہ میری گارنٹی ہے ختم کرادوں گا اور لیٹر بھی کل آپ کو مل جائے گا۔عنبر مبینہ طور پر کہتی ہیں کہ میں نے اس (فرح گوگی) پر پوری چڑھائی کی ہے، میں نے کہا ہے کہ کہ فرح دیکھو ایک کام نہیں ہوا، عمران خان صاحب نے بھی 4 دن لے لئے ہیں، ابھی تک لیٹر نہیں آیا ، تالے بھی لگے ہیں، عدالت میں رپورٹ بھی جمع ہوگئی ہے، ہمارا کیا بنے گا۔ جس پر فرح گوگی نے کہا کہ تم پینک (فکر مند) نہ ہو، اس کے بعد مجھے خود فون آیا کہ بی بی کہہ رہی ہیں کہ کل لازمی لیٹر مل جائیگا۔ آڈیو ٹیپ میں ایک اور کال بھی شامل ہے جس میں ملک ریاض کو ان کی بیٹی کہتی ہیں کہ اس کا فون آیا تھا کہ بی بی معذرت کررہی ہیں، جس پر میں نے کہا کہ کوئی بات نہیں بس ٹائم لے لیں۔عنبر اپنے والد کو کہتی ہیں کہ اس (فرح گوگی) نے کہا ہے کہ جو چیز تم نے بھیجی ہے وہ مجھے اچھی نہیں لگی، وہ خاتون اول ہیں، ان کے پاس یہ تو عام چیز ہے، وہ کہتی ہے کہ یہ واپس لے لو۔ملک ریاض جواب میں کہتے ہیں کہ وہ جو کہتی ہے وہ دلا دو، جس پر عنبر کہتی ہیں کہ میں نے کہا ہے کہ 5 کیرٹ کا ہیرا دے دیتی ہوں، اور وہ ( پچھلا ہیرا) ایک کروڑ روپے کا آیا تھا، میں نے کہا ہے کہ وہ واپس دے دو میں دوسرا منگوا دیتی ہوں۔ملک ریاض اپنی بیٹی کو کہتے ہیں کہ تمہیں پہلے پوچھ لینا چاہیے تھا کہ کتنے کیرٹ کا ہیرا چاہیے۔ جواب میں عنبر نے کہا کہ میں نے پوچھا کہ 5 کیرٹ کا منگوالوں جس پر اس نے حامی بھر لی ہے۔چند روز قبل بھی ملک ریاض کی ایک اور مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی، جس میں ملک ریاض مبینہ طور پر آصف زرداری سے کہتے ہیں کہ عمران خان آپ سے مصلحت چاہتے ہیں۔ جواب میں آصف زرداری کہتے ہیں کہ اب ممکن نہیں ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں