میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ ایکشن کمیٹی کا 24گھنٹے کی علامتی بھوک ہڑتال کااعلان

سندھ ایکشن کمیٹی کا 24گھنٹے کی علامتی بھوک ہڑتال کااعلان

ویب ڈیسک
جمعرات, ۵ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے قیام اور پیپلز پارٹی کی جانب سے آرٹیکل 144 اور 147 کے حوالے سے سندھ اسمبلی میں منظور کی گئی قرراداد کے خلاف سندھ ایکشن کمیٹی میں شامل جماعتوں کی جانب 7 سے 8 جنوری کو پورے سندھ کے ڈویزنل ہیڈکورٹرز میں 24 گھنٹے کی علامتی بھوک ہڑتال کی جائے گی۔ کراچی میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ کی قیادت میں کراچی پریس کلب کے باہر 7 جنوری کو دوپہر 2 بجے سے 24 گھنٹوں کے لئیے علامتی بھوک ہڑتال کی جائے گی جو 8 جنوری تک جاری رہے گی۔ بھوک ہڑتال کے اختتام پر سید زین شاہ کراچی پریس کلب کے باہر میڈیا سے گفتگو کریں گے۔ حیدرآباد میں ایاز لطیف پلیجو، مصرور شاہ، روشن برڑو، میرپورخاص میں اسلم خیر پوری، امیر آزاد پھنور، نواب شاہ میں سندھی ادبی سنگت، لاڑکانہ میں لعل شاہ اور سکھر میں ریاض چانڈیو کی قیادت میں علامتی بھوک ہڑتال کی جائے گی۔درین اثنا چیئرمین سندھ یونائیٹڈ پارٹی و کنوینر سندھ ایکشن کمیٹی سید جلال محمود شاہ نے کراچی سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اقتدار کی خاطر سندھ کی دولت اور وسائل کو لوٹا ہے۔ پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی ملی بھگت سے نئے صوبوں کے قیام کے لئیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کا مقصد سندھ کو تقسیم کرنے کی سازش ہے جس کو ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اٹھارہویں ترمیم کو رول بیک کر کے آئین کے آرٹیکل 144 اور147 کے ذریعے سندھ اسمبلی میں قرادار منظور کر کے معدنی وسائل پر سرمایہ کاری اور دیگر انتظامی اختیارات وفاق کے حوالے کئیے ہیں جس سے پیپلز پارٹی کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے پیپلز پارٹی ایک طرف اٹھارویں ترمیم کا ڈرامہ رچا رہی ہے تو دوسری طرف ایک سازش کے تحت سندھ کو تقسیم اور سندھ کے جزیرے اور زمینیں بھی وفاق کے حوالے کی جا رہی ہیں جو کہ انتہائی شرم ناک عمل ہے۔ پیپلز پارٹی سندھ کی تقسیم کا سودا کر کے سندھ کے ساتھ غداری کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سندھ کو کمزور کرنے کی ہر مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے۔ مضبوط قومی اکائیوں کے نظام میں ہی مستحکم پاکستان کی بنیاد ہے۔پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم محض مذموم سیاسی مقاصد کے لئیے سندھ کی وحدانیت پر حملے کر رہی ہے۔پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم حصول اقتدار پر قبضے کے لئیے غیر آئینی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا ہم پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی ہر مذموم سازش کو ناکام بنائیں گے۔ سید جلال محمود شاہ نے مطالبہ کیا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور آرٹیکل 144 اور 147 کے تحت صوبوں کے کاموں کے بارے میں سندھ اسمبلی سے منظور کی گئی قراردادوں کو بھی فوری واپس لیا جائے۔سید جلال محمود شاہ نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے خلاف جو حربے استعمال کئیے جا رہے ہیں وہ روک دیں ورنہ ان کو چھپنے کی بھی جگہ نہیں ملے گی۔ سید جلال محمود شاہ نے کہا کہ ہم سندھ کی بار کونسلز، وکلا، ادیبوں، دانشوروں اور سندھ کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پیپلز پارٹی کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کریں اور سندھ کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خلاف میدان میں آئیں اور ہمارا ساتھ دیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں