اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری،24گھنٹے میں 700فلسطینی شہید
شیئر کریں
غزہ کے سرکاری میڈیا کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وحشیانہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 700 سے زائد فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ساتھ عارضی جنگ بندی کا معاہدہ ختم ہونے کے بعد سے اسرائیلی کی غزہ اور دیگر قابض علاقوں پر بدترین بمباری اتوار کو بھی جاری رہی ،اسرائیل کی جانب سے غزہ کے گنجان آباد جنوبی حصوں پر حملے کیے گئے جہاں شمالی غزہ سے جبری انخلا کے بعد فلسطینیوں کی اکثریت پناہ لیے ہوئے ہیں، صیہونی فورسز کی جانب سے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیااس کے علاوہ اسرائیلی فورسز کی خان یونس کے علاقے میں بھی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں اور تازہ ترین کارروائی میں اسرائیلی فورسز نے ایک گھر میں چھاپہ مار کر 7 فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔خان یونس میں قطری تعاون سے تعمیر حمد سٹی کی تباہی کے ہولناک مناظر دیکھنے میں آئے اور ترک ٹی وی کی صحافی ربا خالد لائیو کوریج کے دوران اپنا گھر تباہ ہوتے دیکھ کر آبدیدہ ہو گئیں۔ادھر اسرائیلی فورسز نے مسجد اقصی کے شیخ عکرمہ کے گھر پر بھی چھاپا مارا، شیخ عکرمہ صابری مقبوضہ بیت المقدس میں سپریم اسلامی کونسل کے سربراہ اور فلسطینی علما اور مبلغین کی انجمن کے بانی و صدر بھی ہیں۔حماس نے کہاکہ غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کے اجتماع کو نشانہ بنایا گیا ہے، فلسطینی تنظیم کی جانب سے اسرائیلی فورسز اور گاڑیوں کو نشانہ بنانے کی ویڈیوز بھی جاری کی گئی ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے غزہ کے ہسپتالوں کی صورتحال کو ناقابل تصور قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی غزہ میں نصرہسپتال کے حالات ناقص سے بھی بدتر ہیں، ہسپتال میں گنجائش سے تین گنا زائد مریض موجود ہیں، مریضوں کا علاج زمین پر کیا جارہا ہے اور مریض درد سے چیخ رہے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت نے ہزاروں بچوں کا بچپن چھین لیا ہے، غزہ کی پٹی پر اسرائیلی بمباری سے کہیں بچے والدین تو کہیں والدین بچوں سے بچھڑ گئے ہیں۔غزہ میں اسرائیلی بمباری کے بعد ملبے سے ریسکیو کیے گئے زخمی بھائی بہن کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں زخمی بہن بار بار اپنے زخمی بھائی سے اپنے خاندان کی خیریت کے بارے میں پوچھ رہی ہے لیکن بھائی کے پاس زخمی بہن کے سوالات کا کوئی جواب نہیں ہے۔غزہ میں سرکاری میڈیا آفس کے ڈائریکٹر جنرل نے عرب میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 700 سے زائد فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔