فیس کی عدم ادائیگی پر طلبہ کو ہراساں کرنے پر نجی اسکولوں کو نوٹس
شیئر کریں
سندھ ہائیکورٹ نے اضافی اسکول فیس کی عدم ادائیگی پر طلبہ کو ہراساں کرنے کے خلاف درخواست پر نجی اسکول انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈی جی پرایؤیٹ اسکولز کو بھی ذاتی حیثیت میں19 دسمبر کو طلب کرلیا۔ دو رکنی بینچ کے روبرو اضافی اسکول فیس کی عدم ادائیگی پر طلبہ کو ہراساں کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ ذیشان سمیت 9 درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اپنایا اسکول انتظامیہ عدالتی احکامات کے باوجود 5 فیصد سیزائد فیس وصول کررہی ہے۔اضافی فیس نہ دینے پر بچوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ جب تک لارجر بینچ کا حتمی فیصلہ نہیں آتا بچوں کو ہراساں نہیں کیا جائے۔
نجی اسکول کے وکیل نے موقف دیا کہ درخواست گزاروں نے ستمبر سے کوئی فیس جمع نہیں کروائی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیتے ہوئے کہ ہمیں عدالتی حکم کے مطابق آخری فیس اپروول دکھائیں تب ہم فیس دینگے۔ عدالت نے نجی اسکول انتظامیہ سے جواب طلب کرتے ہوئے ڈی جی پرایؤیٹ اسکولز کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے اسکول انتظامیہ کو آخری منظور شدہ فیس اسٹرکچر درخواست گزار کو دینے کا حکم دے دیتے ہوئے سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی۔