نواز شریف کی طبیعت ناساز ،پلیٹ لیٹس کا اتارچڑھائو
شیئر کریں
سروسز ہسپتال لاہور میں زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کے پلیٹ لیٹس میں اتار چڑھائو کا سلسلہ جاری ہے ، میڈیکل بورڈ نے خون میں کلاٹس ختم کرنے والی دوائوں کا استعمال روک دیا ۔میڈیکل بورڈ کے مطابق گزشتہ 14 روز سے سروسز ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طبیعت میں اتار چڑھائو کے باعث خون میں کلاٹس ختم کرنے والی دوائیں بند کر دی گئیں۔ میڈیکل بورڈ نے کہا کہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس سیلز میں اتار چڑھائو کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، گزشتہ روز نواز شریف کا سی بی سی سمیت کوئی بھی ٹیسٹ نہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس سیلز کی تعداد 40 ہزار کے قریب ہے ۔ طبی معائنے کے بعد سی بی سی سمیت دیگر ٹیسٹ کروائے جائیں گے ، البتہ نواز شریف کا بلڈ پریشر کنٹرول میں ہے ۔میڈیکل بورڈ کے مطابق اسٹرائیڈز کی وجہ سے نواز شریف کی شوگر میں اتار چڑھائو دیکھی جا رہی ہے ، جسے قابو کرنے کیلئے انسولین کا استعمال کیا جا رہا ہے ، نواز شریف کو دل اور گردوں کے مسائل علاج معالجے میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کی ٹوئٹ کے مطابق نواز شریف کی حالت تشویشناک ہے ۔