مولانا سمیع الحق کی رسم قل آج ہو گی
شیئر کریں
جمعیت علمائے اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق کی رسم قل (آج ) پیر کو ہو گی، فاتحہ خوانی کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا ۔ تفصیلات کے مطابق مولانا سمیع الحق کی تعزیت کا سلسلہ دارالعلوم حقانیہ میں دوسرے روز بھی جاری رہا جہاں مولانا سمیع الحق کے شاگردوں، سیاسی رہنماؤں سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی آمد کا سلسلہ جاری رہا جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔مولانا سمیع الحق کی رسم قل (آج ) پیر کو دارالعلوم حقانیہ میں ہی ہو گی۔ جمعیت علمائے اسلام س کے سربراہ مولانا سمیع الحق کو نامعلوم دہشت گردوں نے شہید کر دیا تھا جبکہ مولانا سمیع الحق کی نماز جنازہ ہفتہ کو اکوڑہ خٹک میں ان کے بھائی مولانا انوار الحق نے پڑھائی تھی جس میں ان کے شاگردوں، سیاسی رہنماؤں سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔مولانا سمیع الحق کو راولپنڈی میں ان کی رہائشگاہ بحریہ ٹاؤن سفاری ون میں قتل کیا گیا۔ حملہ آوروں نے مقتول کو اس وقت چاقو کے وار کر کے قتل کیا جب وہ اپنے گھر پر آرام کر رہے تھے ۔پولیس ذرائع نے اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ حملہ آور پہلے بھی مولانا سے ملنے آتے رہے ہیں۔ قاتل جاننے والے لگتے ہیں جس کے باعث ان کا ملازم اور گن مین پر سکون ہو کر باہر نکل گئے تھے اسی لیے مولانا حملے کے وقت گھر میں اکیلے تھے ۔