میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
تحریک انصاف کا احتجاج،اسلام آباد میں رینجرز ، فوج طلب،کسی صورت دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دینگے: وفاقی وزیر داخلہ

تحریک انصاف کا احتجاج،اسلام آباد میں رینجرز ، فوج طلب،کسی صورت دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دینگے: وفاقی وزیر داخلہ

ویب ڈیسک
جمعه, ۴ اکتوبر ۲۰۲۴

شیئر کریں

 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کسی صورت بھی اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگرآج کوئی اسلام آباد آئیگا تو پھر ہم سے شکوہ نہ کرے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اگر کوئی دھاوا بولے گا تو اسے کوئی نرمی یا رعایت نہیں دی جائیگی، پولیس نے پوری تیاری کر رکھی ہے، سکیورٹی انتظامات میں کوئی نرمی نہیں کی جائیگی، پیراملٹری فورسز ، رینجرز ، آرمی کو طلب کرلیا ہے، تحریک انصاف کی قیادت کو احتجاج کی کال پر نظرثانی کرنی چاہیے،آج تک کا وقت ہے ، انہیں سوچنا چاہیے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہمارے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، بطورپاکستانی آپ سیاست کریں لیکن 17 تاریخ تک خیال کریں، مولانا فضل الرحمان نے بھی احتجاج کو مؤخر کرنے کا کہا ہے، کئی سال بعد اس طرح سربراہان مملکت کا پاکستان آنا ایک اعزاز کی بات ہے، سیاسی ورکرز اور عام شہری آج احتجاج سے پہلے دس بار سوچیں،کل کا دن ملک کے لیے اہم ہے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم آچکے ہیں،اس کے بعد سعودی وفد آرہا ہے، اس کے بعد وزیراعظم چین آرہے ہیں، ایسے میں آج کے احتجاج کی کال دے دی گئی ہے، پی ٹی آئی پاکستان کی جماعت ہے باہر کی جماعت نہیں،کوئی ہیڈ آف اسٹیٹ یہاں ہو اور آپ اسلام آباد پر دھاوا بولنے کا بولیں، یہ مناسب نہیں، ہم نے ہر طریقے سے اپنے تمام تر انتظامات کرنے ہیں، نرمی یا کوئی اور دوسری سوچ کسی صورت نہیں ہوگی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جلسے کی اجازت کے لیے ایک نئے قانون کے تحت جگہ بھی متعین ہے، چھوٹا سا بھی واقعہ ہوگیا تو اس کا خمیازہ پوری زندگی بھگتنا ہوگا، اگر کوئی کرے گا تو کسی قسم کی نرمی کی توقع نہ کرے، ہمارے لیے یہ بہت ہی باریک لائن ہے، شہریوں سے ایڈوانس میں معذرت خواہ ہوں ہماری مجبوری ہے، سختی سے مراد سختی ہے کسی کو اچھا لگے یا برا، ہم کسی صورت افورڈ نہیں کرسکتے کہ کوئی معاملہ خراب ہو۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں