طب کا نوبل انعام انسانی ارتقا کو سامنے لانے والے سائنسدان کے نام
شیئر کریں
2022کیلئے طب کا نوبل انعام سوئیڈن سے تعلق رکھنے والے سوانتے پابو کو دیا گیا ہے،انہیں یہ انعام انسانی ارتقا پر کیے جانے والے کام پر دیا گیا۔ نوبل کمیٹی کے مطابق سوانتے پابو کے انسانی ارتقا پر تحقیقی کام سے ہمارے مدافعتی نظام کی اہم ترین تفصیلات اور دیگر جانداروں سے منفرد ہونے کی وجوہات جاننے کا موقع ملا۔ انہوں نے ایسی نئی تکنیکس کی تیاری کی بنیاد رکھی جس سے محققین کے لیے موجودہ عہد کے انسانوں کے جینوم کا موازنہ زمانہ قدیم کے جانداروں سے کرنا ممکن ہوگیا۔ نوبل کمیٹی نے بتایا کہ سوانتے پابو کے تحقیقی کام سے ہماری ارتقائی تاریخ کے بارے میں اہم ترین تفصیلات سامنے آئیں۔ کمیٹی کے مطابق سوانتے پابو اور ان کی تحقیقی ٹیم نے حیران کن طور پر جینز کے ایسے بہاؤ کو دریافت کیا جو Neanderthals سے Homo sapiens میں ہوا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ جس عہد میں یہ دونوں موجود تھے تو ان کے بچے بھی ہوئے تھے۔ انسانی ارتقا کے دوران جینز کی اس منتقلی سے موجودہ عہد کے مدافعتی نظام پر اثرات مرتب ہوئے۔ سوانتے پابو نے سائبیریا کی ایک غار سے دریافت ہونے والی انگلی کی ہڈی سے ڈی این اے حاصل کرنے میں بھی کامیابی حاصل کی، جس سے ان کے لیے قدیم انسانوں کی ایک نئی نسل Denisovans کو شناخت کرنا ممکن ہوگیا۔ 67 سالہ سوانتے پابو جرمنی کی میونخ یونیورسٹی اور میکس پلاک انسٹیٹیوٹ فار Evolutionary Anthropology کے لیے کام کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ 4 اکتوبر کو فزکس، 5 اکتوبر کو کیمسٹری اور 6 اکتوبر کو ادب کے نوبل انعام کا اعلان کیا جائے گا۔ امن کے نوبل انعام کا اعلان 7 اکتوبر جبکہ معیشت کا نوبل انعام 10 اکتوبر کو دیا جائے گا۔ اس سے قبل 2021 میں طب کا نوبل انعام امریکی سائنسدانوں ڈیوڈ جولیس اور آرڈیم پیٹاپوٹین کے نام رہا تھا۔ ان سائنسدانوں نے جلد کے ان خلیات کو دریافت کیا تھا جن کی مدد سے انسان درجہ حرارت کو محسوس کرتے ہیں۔