نون لیگ آزاد کشمیر میں اتحادی نہیں، اپنی حکومت بنائے گی، رانا ثنا اللہ
شیئر کریں
آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے کے بعد پیپلز پارٹی نتائج کو تسلیم کر لے گی
یہ نہیں ہو سکتا آپ بات کریں اور نئے صوبے بن جائیں، مشیر وزیر اعظم
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کو اچھی طرح معلوم ہے کہ آزاد کشمر کے الیکشن فری اینڈ فیئر ہوئے ہیں۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے اگلے مرحلے میں 10 نشستوں میں سے 7 ہم جیت جائیں گے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی پروپیگنڈا کرتے ہوئے داخل ہوئی، آزاد کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے کے بعد پیپلز پارٹی نتائج کو تسلیم کر لے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقی پر آزاد کشمیر کے لوگوں نے ن لیگ کو ووٹ دیا، ن لیگ آزاد کشمیر میں اتحادی نہیں اپنی حکومت بنائے گی۔انہوںنے کہاکہ (ن )لیگ کا ایسا کوئی اجلاس نہیں ہوا جس میں نئے صوبوں سے متعلق واضح موقف اپنایا گیا ہو، نئے صوبوں سے متعلق کوئی بات ابھی ایجنڈے پر نہیں۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پارلیمانی جمہوری نظام اور 1973 کے آئین میں کوئی کمی نہیں، یہی نظام گزشتہ پچاس ساٹھ سال سے پورے ملک کو سنبھالے ہوئے ہے، بہت سے مسائل آئے، مارشل لا اور آمریت بھی آئی، آئین نے ملک اور وفاق کو جوڑے رکھا۔مسلم لیگ (ن )کے رہنما نے کہا کہ اس نظام میں کمی نہیں، کمی ہم میں ہے جو ہم نے اس آئین پر عمل نہیں کیا، ہم اس نظام اور آئین پر سچائی کے ساتھ عمل کریں تو یہ ڈیلیور کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم آئین کی خلاف ورزی کریں نظام کو آسیب کے طرح جکڑے رکھیں تو یہ کام کیسے کرے گا، یہی سسٹم اور یہی آئین نصف صدی تک کامیاب رہا آئندہ بھی کامیاب ہو گا۔


