سندھ حکومت بتائے بارشوں سے کھنڈربنے کراچی کوکیسے سنبھالاجائے‘خالد مقبول
شیئر کریں
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام حلقہ این اے245کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں جمشید روڈ پی آئی بی ٹاؤن میں الیکشن آفس کا افتتاح کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کیا۔کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سیٹ عامر لیاقت کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے جس پر ضمنی الیکشن ہونے جارہا ہے آپ سب کے علم میں ہے کراچی کے شہریوں نے ہمیشہ ایم کیو ایم پاکستان کے نمائندوں کو فتح سے ہمکنار کیا ہے 2018 کے عام انتخابات میں حق پرستوں کا مینڈیٹ چوری کرنے والے عناصر اس مرتبہ بدترین شکست سے دوچار ہوں گے،خالد مقبول صدیقی نے کہا: حکومت سے بھی درخواست ہے کہ بارشوں سے جو حالات ہیں ان پر توجہ دی جائے، اس دفعہ عوام سب سے پڑھے لکھے طبقے کو ووٹ دے، بارش کے بعد کراچی کھنڈر بن گیا ہے، اسے کیسے سنبھالا جائے بتائیں۔انھوں نے کہاکہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان بنانے والوں اور قائد اعظم کے فکر و فلسفے کے مطابق پاکستان بننا چاہئے لیکن 2018کے عام انتخابات میں 70فیصد ریونیو دینے والے شہر کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا تھا اب سندھ کے شہری عوام کی امید دوبارہ جاگ گئی ہے اوروہ اس امید سے ووٹ ڈالیں گے کہ اس بار ان کا قیمتی ووٹ چوری نہیں کیا جائیگا ڈاکٹر خالد مقبول نے مزید کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں اور خاص طور پر دسٹرکٹ ایسٹ اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے عوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ مردم شماری میں اپنے گھر کے تمام افراد کو لازمی گنوائیں اور اگر سرکاری عملہ آپ کے دروازے پر نہیں پہنچتا تو سڑکوں پر آکر اپنی گنتی کروائیں۔ ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ پاکستان کے سب سے پڑھے لکھے عوام کے ووٹ کی پاسداری کرتے ہوئے مردم شماری شفافیت کے ساتھ جاری رکھیں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ مردم شماری کے عمل کو جاری رکھنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ حکومتوں کو بچا کر جمہوریت کو بچایا ہے اور پاکستان کی سالمیت کیخلاف کسی کوبھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دینگے آخر میں کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول نے کوئٹہ میں شہید ہونے والے افسران کے انتقال پر افسوس کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے اور ان کے اہلخانہ کو صبر جمیل عطا کرے آمین۔اس موقع پر کنوینرکے ہمراہ ڈپٹی کنوینر و سابق میئر کراچی وسیم اختر،اراکین رابطہ کمیٹی محمد حسین،شکیل احمد، ارشاد ظفیر،ارشد حسن، نامزد امیدوار برائے حلقہ این اے 245 معید انور،مرکزی شعبہ جات کے اراکین، عوام کثیر تعداد میں موجود تھی۔