کورونا پر بہتر حکمت عملی سے خوف کی فضا ختم ہو رہی ہے، وزیراعظم
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کے خلاف بہتر حکمت عملی سے خوف کی فضا ختم ہو رہی ہے ۔اتوار کو وزیراعظم عمران خان سے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے ملاقات کی جس میں ملکی موجودہ صورت حال سمیت آئینی اور قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس دوران کورونا وائرس کے پیش نظر عوامی ریلیف کے لیے حکومتی فیصلوں پر بھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کنٹرول کے لیے سارے وسائل استعمال کر رہے ہیں، بہتر حکمت عملی کے تحت خوف کی فضا ختم ہو رہی ہے ، سب سے بڑا چیلنج عام آدمی تک فوری ریلیف پہنچانا تھا، خوشی ہے کہ معاشی ٹیم نے بروقت ہنگامی ایکشن پلان ترتیب دیا، ملک میں معاشی عمل تیز کرنے کے لیے بڑے اقدامات کرنے جا رہے ہیں۔مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ مشکل صورت حال میں حکومت نے تدبر کا مظاہرہ کیا اور ملکی تاریخ میں پہلی بار غریب دوست ریلیف پیکجزدیے گئے ہیں۔بابراعوان نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس عوامی منشور نہیں صرف الزام کی سیاست کی جا رہی ہے ، مشیر پارلیمانی امور نے پارلیمنٹ میں قانون سازی جاری رکھنے کیلئے مختلف آپشنز سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں پارلیمنٹ کا اجلاس بلائے جانے کے معاملے پر بھی مشاورت کی گئی ۔ ڈاکٹربابر اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے سے پہلے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانا ہوں گے ، اس معاملے پر این ڈی ایم اے اور این سی او سی سے رابطے میں ہیں۔