کشیدگی میں کمی'سمجھوتہ ایکسپریس 151مسافروں کو لیکر بھارت روانہ
ویب ڈیسک
پیر, ۴ مارچ ۲۰۱۹
شیئر کریں
سمجھوتا ایکسپریس لاہور سے 151مسافروں کو لے کر بھارت روانہ ہو گئی۔ پاک بھارت سرحدی تنائو اور مسلح کشیدگی کے بعد معطل کی گئی سمجھوتا ایکسپریس باہمی سمجھوتے کے بعد ایک بار پھر منزل کی جانب رواں دواں ہو گئی۔
بھارت جانیوالی سمجھوتا ایکسپریس گزشتہ جمعرات کو منسوخ کی گئی تھی تاہم حالات میں قدرے ٹھہرائو اور اعتدال کے بعد سمجھوتا ایکسپریس لاہور سے 151مسافروں کو لے کر بھارت روانہ ہو گئی۔7مال بردار بوگیاں بھی ٹرین کے ساتھ لگائی گئیں، ٹرین روانگی کے وقت مسافر مطمئن نظر آئے ۔
مسافروں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات جاری رہنے چاہئیں۔ ٹرین روانگی کے وقت ریلوے اسٹیشن پر سیکورٹی کے سخت انتظامات تھے ، مسافروں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ سمجھوتا ایکسپریس ہر پیر اور جمعرات کو بھارت روانہ ہوتی ہے ۔