شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی درخواست ضمانت پر نیب کو نوٹس
شیئر کریں
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں گرفتار احسن اقبال کی درخواست ضمانت پر قومی احتساب بیورو(نیب)کو نوٹس جاری کردیے ۔مسلم لیگ (ن) کے دونوں رہنماوں نے ضمانت بعداز گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ضمانت کی درخواستوں کی سماعت ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس لبنی پرویز پر مشتمل بینچ نے کی۔سماعت میں شاہد خاقان کی جانب سے بیرسٹر ظفراللہ پیش ہوئے جبکہ احسن اقبال کی نمائندگی ایڈووکیٹ طارق محمود جہانگیری نے کی۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب سے 10 فروری کو جواب طلب کر لیا۔عدالت نے انسداد بد عنوانی کے ادارے کو دونوں درخواستوں پر 10 فروری تک تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا۔اس کے علاوہ عدالت نے یہ بھی ہدایت کی کہ تحریری جواب کی نقول آئندہ سماعت سے قبل درخواست گزاروں کے وکلا کو فراہم کی جائے ۔واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ایل این جی ٹھیکوں میں مبینہ بے ضابطگیوں اور احسن اقبال نارووال سپورٹس سٹی کیس میں گرفتار ہیں۔