قائد عوام یونیورسٹی شہید ،وائس چانسلر کی کرپشن کے باعث خسارے کا شکار
شیئر کریں
قائد عوام یونیورسٹی شہید بینظیر آباد وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم سموں کی کرپشن کے باعث خسارے کا شکار۔ حکومت سندھ کے متعد بیل آؤٹ پیکیجز کے باوجود اساتذہ کو وقت پر تنخواہوں کی عدم ادائیگی۔ اساتذہ نے وی سی کے خلاف یوم سیاہ منا کر تنخواہوں کی ادائیگی اور کروڑوں روپے کے فنڈز کے آڈٹ کا مطالبہ کردیا۔ جرات کی رپورٹ کے مطابق قائدِ عوام یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسی ایشن کی اپیل پر قائدِ عوام یونیورسٹی کے اساتذہ نے وائس چانسلر ڈاکٹر سلیم سموں کی ناانصافیوں، مالی بیضابطگیوں اور اساتذہ کو حراساں کرنے کے خلاف یومِ سیاہ منایا۔ اساتذہ نے حکومتِ سندھ کی طرف سے متعدد بار "بیل آوٹ پیکج” ملنے کے باوجود اساتذہ کے تنخواہوں کے بقایاجات اور امتحانات کی فیس وصول کرنیکے باوجود اساتذہ کو ریمونیشن نہ ادا کرنے کے خلاف بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر پر امن احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اساتذہ نے وائس چانسلر کی جانب سے اقربا پروری کرنے اور احتجاج کرنے والے اساتذہ کو حراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ اساتذہ کے نمائندہ تنظیم کے رہنماؤں نے بتایا کہ وائس چانسلر سلیم سموں ذاتی عناد کی بنیاد پر کچھ اساتذہ کو کوالیفکیشن الاونس سے بھی محروم کررکھا ہے۔ سلیم سموں نے دوسری مدت ملنے کے ساتھ ہی یونیورسٹی کے ماحول کو ایک جیل خانے میں تبدیل کردیا ہے، جہاں کام کرنے والے اساتذہ کو پسند ناپسند کی بنیاد پر ناصرف حقوق سے محروم کیا جا رہاہے بلکہ وہ اساتذہ جو ڈاکٹر سلیم سموں کی ناانصافیوں سے تنگ آکر لیان پر دوسرے اداروں میں جانا چاہتے ہیں ان سے غیر قانونی طور پر لاکھوں روپے تاوان اور زبردستی پیشگی استعفے لیے جا رہے ہیں جو کہ یونیورسٹی کے لیو اسٹیچوز کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ اساتذہ کو کئی سال سے تنخواہوں، امتحانات کی مد میں بقایاجات سے محروم رکھا گیا ہے اور ملنے والے بیل آوٹ پیکجز میں مالی بیضابطگی کی گئی ہے جس کی وزیر اعلیٰ کی جانب سے غیر جانبدار آڈٹ کروائی جائے۔ اساتذہ کی نمائندہ تنظیم نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج کو جاری رکھنے اور اس کا دائرہ کار وسیع کرنے کا اعلان کیا اور تمام اساتذہ کے بھرپور تعاون پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔