میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
محکمہ بلدیات میں مشکوک بھرتیوں کیخلاف آپریشن کلین اپ،128افسران وملازمین فارغ

محکمہ بلدیات میں مشکوک بھرتیوں کیخلاف آپریشن کلین اپ،128افسران وملازمین فارغ

ویب ڈیسک
اتوار, ۳ اکتوبر ۲۰۲۱

شیئر کریں

(رپورٹ: علی کیریو)محکمہ بلدیات میں غیر قانونی بھرتیوں کی ایک اور مثال سامنے آگئی، کراچی ڈویژن کے 18 افسران اور ملازمین سمیت 128 ملازمین کی بھرتی مشکوک ہوگئی، لوکل گورنمنٹ بورڈ نے عہدوں سے فارغ کرکے رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ جرأت کی رپورٹ کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں صفائی، پانی کی فراہمی ،نکاسی آب اور دیگر مقامی مسائل کے حل کیلئے قائم کردہ محکمہ بلدیات میںہزاروں من پسند افراد کو غیرقانونی طورپر بھرتی کیا گیا ہے جس کی وجہ میونسپل کارپوریشن سمیت ٹائون کمیٹیز اور یونین کونسل تنخواہ، مراعات اور دیگر سہولیات لینے کا ذریعہ بن گئی ہیں، لیکن عوام کو کوئی بھی سہولت میسر نہیں، محکمہ بلدیات (بورڈ) نے نوٹیفکیشن جاری کرکے 128 افسران اور ملازمین کی بھرتیاں مشکوک ظاہر کردی ہیں، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ 128 افسران اور ملازمین اپنی نوکری کے تصدیق شدہ دستاویز جمع کروانے میں ناکام ہوگئے ہیں اس لیے کونسلز میں افسران اور ملازمین کو ان کے عہدوں سے فارغ کیا گیا ہے ، افسران اور ملازمین اپنی پہلی پوسٹنگ کی میونسپل کارپوریشن ، ٹائون کمیٹی یا یونین کونسل میں رپورٹ کریں۔ کراچی ڈویژن میں18 افسران اور ملازمین کی بھرتی مشکوک ہے جن میں کیماڑی میں تعینات گریڈ 16 کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (انکروچمنٹ) مختیار علی دایو، کورنگی میں تعینات گریڈ 17 کے ایڈیشنل ڈائریکٹر (ٹیکسز اینڈ ریکوری )آصف جمال، ضلع غربی میں تعینات گریڈ 17 کے ڈائریکٹر (سینیٹیشن )عمران علی، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈسپوزل پر موجود گریڈ 17کے افسر محمد کاشف، کورنگی میں تعینات گریڈ 17کے ڈپٹی ڈائریکٹر نہال احمد صدیقی، کیماڑی میں تعینات گریڈ17کے افسر شکیل احمد قائم خانی، ضلع سینٹرل میں تعینات گریڈ 17 کے ڈپٹی ڈائریکٹر سید محمد حارث، کیماڑی میں تعینات گریڈ 17 کے ایڈیشنل ڈائریکٹر سید ندیم حیدرشامل ہیں۔اس کے علاوہ ملیر میں مسرور احمد دائود پوٹو، ضلع شرقی میں محمد خالد،گریڈ 16کے شفیع محمد، عبدالواحد، کور نگی میں محمد وقاص خان، کیماڑی میںگریڈ 16 کے اطہر علی شاہ، محمد یاسر شاہ راشدی، طاہر ضیاء جبکہ ضلع سینٹرل میں گریڈ 11 کے اکائونٹنٹ وقار احمد تھیم شامل ہیں۔ ضلع سانگھڑ کی ٹائون کمیٹی جام نواز علی میں تعینات گریڈ 16 کے ٹائون افسر اسد علی دستی، ٹائون کمیٹی بیرانی میں تعینات گریڈ 16کے کمپوٹر آپریٹر محمد عادل اور دیگر شامل ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں