کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن احتجاج کرنیوالوں کیخلاف مقدمہ درج
شیئر کریں
کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن(سی بی سی)دفتر کے باہر نکاسی آب نہ ہونے، پانی کی عدم فراہمی اور صفائی کے ناقص انتظامات پر احتجاج کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیاہے، مقدمے میں ہنگامہ آرائی، دھمکیاں دینے اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پیر کے روز سی بی سی دفتر پر احتجاج کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درخشاں تھانے میں کارسرکار میں مداخلت پر درج کیاگیا ہے۔مقدمہ22 نامزد اور نامعلوم افراد کیخلاف درج کیاگیا ہے، مقدمہ میں دھمکی،املاک کونقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔مقدمہ سیکیورٹی سپروائزر سی بی سی کی مدعیت میں درج کیاگیا ہے۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ شرپسند افراد نے دفتر کے شیشے توڑے اور املاک کو نقصان پہنچایا، شرپسندعناصر کی جانب سے عملے کودھمکیاں دی گئیں۔مقدمے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ 31 اگست کو دوپہر 12 بجے 40 سے 50 افراد دفتر کے باہر احتجاج کرنے آئے۔متن کے مطابق احتجاج کرنے والوں کے ساتھ 30 سے زائد افراد شرپسند تھے، شرپسند عناصر نے گیٹ پر موجود گارڈز سے ہاتھا پائی کی۔مقدمے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ مشتعل افراد نے زبردستی دفتر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی۔ سی بی سی کے دفتر کے قریب کیمروں کی فوٹیج منگوائی گئی ہیں۔پولیس نے مقدمے میں شامل افراد کی تلاش شروع کردی ہے۔