مشاورتی اجلاس، اختلافات کے باعث نئی کابینہ بن نہیں پائی
شیئر کریں
مری (مانیٹرنگ ڈیسک/ خبر ایجنسیاں) سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں لیگی ارکان میں اختلاف رائے کے باعث نئی کابینہ بن نہیں پائی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اب چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ملک بھر میں جاری منصوبوں کو پہلے سے بھی زیادہ تیر رفتاری سے مکمل کیا جائیگا، سابق وزیراعظم نواز شریف کی صدارت میں مری میں ہونے والے مشاروتی اجلاس میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کابینہ کی حلف برداری کا معاملہ فی الحال موخر کردیا گیا ہے اور آئندہ ایک دو روز میں کابینہ کو حتمی شکل دے دی جائے گی اور اس سلسلے میں مشاورت جاری ہے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وزیر داخلہ کے لیے چودھری نثار کا نام ہی زیر غور ہے تو انہوں نے کہا کہ فی الحال کچھ نہیں کہا جاسکتا، مشاورتی عمل جاری ہے اور ایک دو دن میں سب کچھ عوام کے سامنے آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ہدایت دی ہے کہ ملک بھر میں جاری منصوبوں کو اب پہلے سے بھی زیادہ تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے، کیوں کہ ہم دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وزیراعظم تو تبدیل ہوسکتا ہے ،لیکن پالیسی تبدیل نہیں ہوتی۔ خیال رہے کہ نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ کا اعلان آج ہونا تھا اور کابینہ ارکان کو آج ہی حلف اٹھانا تھا ،تاہم کابینہ کے ممکنہ ارکان کے ناموں کو حتمی شکل نہیں دی جاسکی۔بعد ازاں نوازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی قیادت کا اہم اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف اور حمزہ شریف بھی شریک ہوئے اور کچھ دیر بعد اسحاق ڈار بھی چودھری نثار کے ہمراہ اجلاس میں شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق 4اہم وزارتوں پر نظر ثانی کی گئی جس میں وزارت دفاع وزارت داخلہ وزارت خارجہ اور وزارت خزانہ شامل تھی، اس موقع پر اجلاس میں نواز شریف نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی پارٹی قیادت نے شاہد خاقان عباسی پر بھاری ذمہ داری عائد کی ہے اور امید ہے کہ وہ اس ذمہ داری کو بخوبی ایمانداری سے انجام دینگے۔