مواچھ گوٹھ مویشی منڈی کا ٹھیکہ من پسند افراد کو دینے کا انکشاف
شیئر کریں
سابق میونسپل چیئرمین، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر اور ٹھیکیدار کوساڑھے 3، 3سال قید کی سزا سنا دی، 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد
میونسپل کمیٹی غربی کا 2020-21 کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پرٹھیکیدار طارق علی کو دے کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا،عدالت
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اینٹی کرپشن کورٹ نے مواچھ گوٹھ مویشی منڈی کا ٹھیکہ من پسند افراد کو دینے پر سابق میونسپل چیئرمین، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر اور ٹھیکیدار کوساڑھے 3، 3سال قید کی سزا سنا دی، 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد۔جرأت کی رپورٹ کے مطابق صوبائی اینٹی کرپشن کورٹ میں سرکاری وکیل ممتاز علی شاہ نے موقف اختیار کیا کہ سابق میونسپل چیئرمین اشفاق ملاح،سابق ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکسز ضلع غربی محبوب ندیم بیگ نے میونسپل کمیٹی غربی کا 2020-21 کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پرٹھیکیدار طارق علی کو دیا، ملزمان نے من پسند ٹھیکے دار کو ٹھیکہ دے کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر میونسپل چیئرمین اشفاق ملاح،ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکسز محبوب ندیم بیگ اور ٹھیکے دار طارق علی کو ساڑھے تین تین سال قید کی سزا سنادی ہے۔ اینٹی کرپشن ویسٹ کے تحقیقاتی افسر نور دین کا کہنا ہے کہ منڈی کے ٹھیکے میں خرد برد پر ملزمان کو2سال قبل گرفتار کیا گیا، بعد میں عدالت نے تمام افسران کو ضمانت پر رہا کیا، عدالت میں فیصلہ سنانے کے وقت کوئی ملزم موجود نہیں تھا۔