ایڈز پر قابو نہ پایا تو ایتھوپیا سے بدتر صورتحال ہوگی ،وزیر صحت سندھ
شیئر کریں
سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے خبردار کیا ہے کہ ایچ آئی وی پھیلنے کے اسباب پر قابو نہ پایا گیا تو پاکستان میں ایتھوپیا سے بدتر صورت حال پیدا ہو سکتی ہے ۔ عالمی ادارہ صحت سے رابطے کے بعد ایچ آئی وی میں مبتلا بچوں کے لیے ایتھوپیا سے دواؤں کا اسٹاک ایک ہفتے تک پاکستان پہنچ جائے گا۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ لاڑکانہ اور رتوڈیرو میں 30 ہزار 326 سے زائد افراد کی اسکریننگ کر چکے ہیں، جن میں سے 720 بچوں سمیت 887 سے زائد افراد ایچ آئی وی سے متاثر نکلے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رتوڈیرو میں ایچ آئی وی سے متاثرہ بچوں کے علاج کا مرکز قائم کیا جا رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ میں عالمی ادارہ صحت کی معاونت سے طبی فضلے کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے اسپتال ویسٹ مینجمنٹ سسٹم بھی بنایا جا رہا ہے ۔