تیل کی قیمت کنٹرول کرنا حکومت کے ہاتھ میں نہیں، حفیظ شیخ
شیئر کریں
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ تیل کی قیمت کنٹرول کرنا حکومت کے ہاتھ میں نہیں، آئی ایم ایف کیساتھ اچھا پروگرام طے ہوجائے گا، نئے بجٹ میں عام آدمی کی فلاح ترجیح ہوگی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے اخراجات کم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، محاصل میں اضافے کیلئے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں، درآمدات اور برآمدات میں توازن لانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا دنیا میں کسی ملک نے تنہا ترقی نہیں کی، دستیاب وسائل سے بھرپور استفادے کیلئے کوشاں ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔حفیظ شیخ کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق اقتصادی ترقی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، احساس پروگرام کے تحت محروم طبقات کو آگے لایا جائے گا، آنیوالا بجٹ میکرو اکنامک فریم ورک وضع کرے گا، نئے بجٹ میں اخراجات اور آمدنی کے فرق کو کم کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا گزشتہ 13 سال میں کسی کمپنی کی نجکاری نہیں ہوئی جبکہ میرے دور میں 34 کمپنیوں کی نجکاری کی گئی، حکومت پر عزم ہے کہ بین الاقوامی تجربات سے فائدہ اٹھائے ۔