اسرائیلی فوج کا این جی او کی گاڑی پر حملہ،7امدادی کارکن ہلاک
شیئر کریں
اسرائیلی فوج نے غزہ کے وسطی علاقے میں ورلڈ سینٹرل کیچن نامی غیر ملکی این جی او کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 7 ملازمین ہلاک ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس نے اسرائیلی حملے کو امدادی کارکنان کو خوف زدہ کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی ریاست غزہ میں امدادی کاموں کو روکنا چاہتی ہے۔اسرائیلی فوج نے این جی او کی 3 گاڑیوں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ گودام میں امدادی سامان اتار کر واپس لوٹ رہے تھے۔ گاڑی میں سوار تمام افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔این جی او نے اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں 7 ملازمین مارے گئے جن کا تعلق فلسطین، آسٹریلیا، پولینڈ اور برطانیہ سے ہے۔ دو افراد کے پاس امریکا اور کینیڈا کی دہری شہریت بھی تھی۔این جی او نے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ گاڑی کی نقل و حرکت سے متعلق اسرائیلی فوج کو آگاہ کردیا گیا تھا اس کے باوجود نشانہ بنایا گیا۔