ناظم آباد،زہریلی کچی شراب پینے سے 3 افراد ہلاک(رپورٹ طلب)
شیئر کریں
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کی فوری کارروائی کچی شراب فروخت کرنے والا پکڑا گیا
ملزم عدنان کے قبضے سے 16 چھوٹی اور 3 بڑی بوتلیں زہریلی کچی شراب برآمد ہوئیں
(رپورٹ؍ ایم جے کے)رمضان المبارک میں کچی شراب کی فروخت کئی جانیں لے گیا، ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کی فوری کارروائی کچی شراب فروخت کرنے والا پکڑا گیا، ملزم عدنان ولد احسان الحق کے قبضے سے 16 چھوٹی اور 03 بڑی بوتلیں زہریلی کچی شراب برآمد ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل رضویہ سوسائٹی کی حدود ناظم آباد نمبر 1 میں زہریلی کچی شراب کا واقعہ پیش آیا جس میں 03 افراد ہلاک اور 06 زیر علاج ہیں تھانہ رضویہ پولیس نے 1 ملزم کو بھی گرفتار کرلیا، ناظم آباد نمبر 1 میں زہریلی کچی شراب پینے کے واقعہ میں تین افراد جنید ولد سعید (32 سال)، محمد رضوان ولد محمد راشد (50 سال) اور عامر غنی ولد غنی (25 سال) ہلاک ہوگئے، مذکورہ افراد کو طبیعت غیر ہونے پر عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج ان کا انتقال ہوا جبکہ اسی واقعہ میں چھ افراد سلطان مسیح (33 سال)، اسد (28 سال)، جوائس (26 سال)، شیرون، عابد (40 سال) اور جیسپرسن کو شراب نوشی کے باعث عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیر علاج ہیں، تمام متاثرہ افراد کا تعلق ناظم آباد نمبر 1 اور ملحقہ آبادیوں سے ہے، علاقہ مکین کا کہنا ہے کہ تھانہ رضویہ کی حدود میں اب تک 25 سے 30 افراد کچی شراب پینے سے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ کئی افراد کی کچی شراب پینے سے بینائی بھی جاچکی ہے اس حوالے سے علاقہ مکین نے آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی ویسٹ زون اور ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ڈاکٹر عمران خان سے مطالبہ کیا جس کے نتیجے میں ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تھانہ رضویہ سوسائٹی کی حدود پشاوری چپل والی گلی ناظم آباد نمبر 1 سے ملزم عدنان ولد احسان الحق کو گرفتار کرلیا، جس کے قبضے سے 16 چھوٹی اور 03 بڑی بوتلیں زہریلی کچی شراب کی برآمد ہوئیں، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کے حوالے کردیا گیا ہے، انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی سینٹرل سے فوری اور تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور کہا کہ واقعے کی شفاف، غیر جانبدار اور جامع تحقیقات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے اور ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، اقلیتی تہوار کے پیش نظر کچی زہریلی شراب و دیگر منشیات کی فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، رضویہ سوسائٹی پولیس کے مطابق کچی شراب مختلف مقامات سے خریدی گئی تھی جن کے بارے میں مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں اور کارروائی کی جارہی ہے۔


