سندھ بلڈنگ، اللہ والا ٹاؤن کی رہائشی پلاٹ اسکیم تباہ، قوانین پامال
شیئر کریں
مشترکہ پلاٹوں پر کمرشل پلازوں کی غیر قانونی تعمیرات ،قابض انسپکٹر کاشف مافیا کا سرپرست
پلاٹ نمبر 1274+1299 پر جاری غیر قانونی تعمیرات ، ہائی کورٹ کے احکامات نظرا نداز
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ضلع کورنگی کے بلڈنگ انسپکٹر کاشف علی کے خلاف تعمیراتی مافیا کے ساتھ ملی بھگت کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، کاشف علی عرصہ دراز سے اس علاقے میں قابض ہے اور اس عرصے میں اس نے سینکڑوں غیر قانونی تعمیرات پر خاموشی اختیار کی ہے ۔ اللہ والا ٹاؤن کی مشترکہ رہائشی اسکیم میں واقع سیکٹر 31G پلاٹ نمبر 1274+1299 دو مشترکہ رہائشی پلاٹوں پر دکانیں اور تجارتی مقاصد کے لئے غیر قانونی کمرشل پورشن یونٹ کی تعمیر جاری ہے ۔مقامی رہائشی عبدالقدوس کا کہنا ہے کہ "ہماری بار بار کی شکایات کے باوجود بلڈنگ انسپکٹر کاشف کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی، بلکہ وہ تو اس علاقے میں غیر قانونی تعمیرات کے لیے ایک ‘قابض’افسر کے طور پر جانا جاتا ہے ۔ تعمیراتی ٹھیکے دار نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ سب کو خرید لیا گیا ہے "۔ایک اور رہائشی عظمیٰ کا کہنا ہے کہ اس غیر قانونی تعمیر نے پورے علاقے میں بنیادی سہولیات کو بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ جرأت سروے ٹیم کی جانب سے موقف لینے کے لئے ایس بی سی اے ترجمان سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ "اگر ثبوت کے ساتھ کسی اہلکار کے خلاف الزامات ہیں تو تحقیقات کر کے مناسب کارروائی کی جائے گی”۔رہائشیوں کے پاس تحریری شکایات، تصاویر اور مبینہ طور پر رشوت کی گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگز موجود ہیں۔یہ واقعات اس وقت سامنے آئے ہیں جبکہ سندھ ہائی کورٹ نے رہائشی اسکیموں میں بغیر منظوری کے کمرشل تعمیرات پر واضح پابندی عائد کی ہوئی ہے ۔ متاثرہ شہریوں نے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے قابض افسران اور تعمیراتی ٹھیکیداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں ۔


