انتخابات کے دوران صحافی کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمد یقینی بنائیں ، الیکشن کمیشن
شیئر کریں
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے قومی میڈیا کے کوڈ آف کنڈکٹ پر ایک روزہ تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں کراچی کے صحافیوں نے حصہ لیا، نجی ہوٹل میں منعقد تربیتی سیشن میں صحافیوں کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق برائے قومی میڈیا پر پرزینٹیشن دی گئی ، صحافیوں کو انتخابی قوانین ، الیکٹورل سائیکل ، لیگل فریم ورک سمیت کوڈ آف کنڈکٹ پر جمع پرزینٹیشن دی گئی ، ڈپٹی ڈائریکٹر عبداللہ ہانجرہ نے پرزیٹیشن پیش کی جبکہ ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن سندھ نبیل ابڑو نے سیشن کو ماڈریٹ کیا ، اس موقع پر جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر الیکشنز سندھ سردار نذر عباس نے صحافیوں کو الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ پر مکمل عملدرآمد کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ہمارے لیے آنکھ اور کان کی مانند ہے، بعض دفعہ میڈیا کے ذریعے ہی ہم انتخابات سے متعلق حالات و واقعات سے آگاہی حاصل کرتے ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ صحافی کوئی بھی خبر دینے سے پہلے خبر کو چیک کرلیں اور تصدیق کرکے مستند خبر ہی عوام تک پہنچائیں ، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر ایڈمن علی اصغر سیال نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کوڈ آف کنڈکٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے متحرک ہے ، اس سلسلے میں اپنا فعال کردار ادا کر رہا ہے ، ہماری مانیٹرنگ ٹیمیں سندھ کے تمام اضلاع میں موجود ہیں ، کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی روک تھام کے لیے اپنا فعال کردار ادا کر رہی ہیں ، صحافی کوڈ آف کنڈکٹ پر مکمل عملداری یقینی بنائیں ، انتخابات کے دوران سنسنی پھیلانے کے بجائے جامع اور مستند رپورٹنگ کی جائے ، ان کا مزید کہنا تھا کہ دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ ، کراچی میں پروونشل مانیٹرنگ کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ، جہاں سے عام انتخابات 2024 کی مانیٹرنگ ہوگی ۔