متنازع حلقہ بندیاں، 9جنوری کواحتجاج ہوگا،متحدہ کااعلان
شیئر کریں
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ووٹر لسٹوں کو مسترد کرتے ہوئے متنازع حلقہ بندیوں کے خلاف 9 جنوری کو احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کردیا، جس میں شرکت کیلیے پی ایس پی ، فاروق ستار سمیت دیگر مہاجر رہنمائوں کو دعوت دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی مرتب کرلی، جس کے تحت 9 جنوری کو احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس میں شرکت کیلیے پاک سرزمین پارٹی، فاروق ستار، مہاجر قومی موومنٹ حقیقی، جماعت اسلامی کو دعوت دی جائے گی۔ایم کیو ایم کے جنرل ورکرز اجلاس سے قبل رابطہ کمیٹی کی اہم بیٹھک ہوئی جس میں حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں کے حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے بڑھانے اور مل کر جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے قائدین پاک سرزمین پارٹی کے مرکز پاکستان ہاس جبکہ پی آئی بی میں ڈاکٹر فاروق ستار کی رہائش گاہ جائیں گے اور انہیں 9 جنوری کو ریلی میں شرکت کی دعوت دیں گے۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں کو مسترد کردیا جبکہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں حکومت سے علیحدگی کے حوالے سے فی الحال کوئی فیصلہ نہں کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ پی ایس پی قائدین سے رابطہ کمیٹی کے رکن اور سابق ایم پی اے رئوف صدیقی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں رات 9 بجے پاکستان ہائوس کے دورے سے متعلق آگاہ کیا۔