میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
اندرکی تاریکیاں

اندرکی تاریکیاں

ویب ڈیسک
پیر, ۳ جنوری ۲۰۲۲

شیئر کریں

 

اس نے کہا ان دنوں میری عجیب حالت ہے سمجھ میں نہیں آتاکیاکروں؟ چہرے مہرے سے سنجیدہ لیکن حددرجہ پریشان ،باوقار اور کھاتے پیتے گھرانے کا ایک نوجوان درویش کے روبرو بیٹھا اپنا مسئلہ بیان کررہا تھا میراکوئی کام کرنے کو جی نہیں کرتاجیسے جذبات مرگئے ہوں ،وہ بات کرتے کرتے رک گیا ،جیسے کسی خیال سے سراسیمہ ہوگیا ہو۔ درویش نے بڑی محبت سے اس کے سرپر ہاتھ پھیرا ،اور نرمی سے کہا اپنی بات مکمل کرلو ۔نوجوان نے ادھر ادھر د یکھا شرما کرکہا کسی نازنیں، مہ جبیں کو بھی دیکھ کر کوئی حس بیدارنہیں ہوتی۔ ایک وقت تھا دل کے تار کھڑک کھڑک جاتے تھے ۔اب ایسا نہیں ہے شاید اسی کو بے حسی کہاجاسکتاہے یاپھر یا مردہ دلی ۔اسی کیفیت کا نام ہے میں تو اس بات سے بھی پریشان ہوں کہ کئی برسوںسے دل میں کسی ارمان نے انگڑائی نہیں لی، کوئی خواہش نہیں جاگی حالانکہ سناہے کہ ساون بھادوںاور برسات کے دنوںمیں جب بارش چھما چھم برستی ہے بجلی چمکتی ہے تو جذبات جوان ہوجاتے ہیں ،ارمان جاگتے ہیں ،دل کو محسو س ہوتاہے جیسے فضا میں ہرطرف جل ترنگ بج رہے ہوں ۔ میں نے ہر جذبے ہر احساس سے عاری ہوگیاہوں ،ایسی زندگی کا کیا فائدہ ؟میاں جی میرے دکھ کا مداوا کریں۔ وہ چپ ہواتو درویش نے اپنے سامنے بیٹھے حاضرین پر ایک نظردوڑائی اور کہا بیشترلوگ جانتے ہوںگے کہ انسان کو اللہ رب العزت نے بہت سے رویے عطاکررکھے ہیں۔ محبت،نفرت، حسد ،رشک ،انتقام، لالچ، خوف، غصہ ،یہ رویے ہی انسانی جذبات کا ترجمان ہوتے ہیں، ان میں ایک کیفیت کا نام اضطراب ۔۔ غور سے جان لو کہ اضطرابی کیفیت ہر جذبے پر حاوی ہوسکتی ہے کبھی کبھار اس کا الٹ بھی ہوجاتاہے اس صورت میں ہرجذبے کااحساس جاتارہتاہے۔ اس نوجوان کے ساتھ بھی یہی کچھ ہواہے۔ آسان لفظوں میں یہ سمجھ لیں کہ کوئی ایم لیس aim less ہوجائے تو اس کی یہ والی کیفیت ہوجاتی ہے۔ بہت زیادہ حساس لوگ اس مرض کا شکارہوتے ہیں، جو دنیا سے الگ تھلک ہوکر اسی کو اپنی دنیا سمجھ لیتے ہیں، کسی کو ملنا جلنا پسندنہیں کرتے جیسے کوئی مردم بیزار ہو جائے۔ زیادہ تر یہ ان معاشروںمیں ہوتاہے جہاں اخلاقی اقدار دم توڑرہی ہوں،لوگوںمیں دولت کی ہوس ہر جذبے ہر رشتے پر حاوی ہوجائے یا پھر ان ملکوںکا خاصاہے جہاںپر قانون کو اشرافیہ نے موم کی ناک بناکررکھ دیاہو۔ حساس لوگ اس صورت ِ حال میں سوچ سوچ کر کڑھتے، جلتے اور سسکتے رہتے ہیں اور اصلاح کی کوئی صورت نظر نہیں آتی ۔جذبات پر بے بسی اس قدر غالب آجاتی ہے کہ انسان بے حس ہوجاتاہے، جیسے ماہرین ِ نفسیات نے سراغ لگایاہے کہ نفرت بھی محبت کی ایک قسم ہے۔ انسان جس سے جتنی محبت کرتاہے اگر اس کے جذبات سے کھیلا جائے یا اسے اپنے مقاصدکیلئے بے رحمی سے استعمال کیا جائے ،اس انسان سے اس سے زیادہ شدید نفرت ہوسکتی ہے ،پھر حالات اس مقام پر لے آتے ہیںایسے لوگوںکے ذہن میں یہ خیال جم جاتاہے کہ میری زندگی کا کوئی مقصد نہیں ۔یہ انتہائی خطرناک ہے ایسے لوگ اپنے آپ کو بیکار جان کرخودکشی کر لیتے ہیں ۔۔درویش نے آہ بھرکرکہا شایدتم نہیں جانتے کہ اضطراب کتنی بڑی نعمت ہے، بیشتر سے زیادہ تو اسے زحمت ہی خیال کرتے ہوں گے ۔ یقینا وہ غلطی پرہیں ۔ اضطراب ایک ایسی کیفیت ہے جو انسان کو بوڑھانہیں ہونے دیتی جس سے جذبے جوان رہتے ہیں یہ الگ بات کہ انسان جذبوںکی دھیمی آنچ میں سلگتارہتاہے۔ وہ انپے متعلق کم اپنے پیاروں کے متعلق زیادہ سوچتاہے۔ جان لو کہ محبوب کی یاد میں تڑپنا اضطراب ہے اور یہ جذبہ قسمت والوںکا نصیب ہے۔ ویسے تو ایم لیسaim less باکمال لوگ ہوتے ہیںانتہائی حساس! جو معاشرے کی عد م توجہی یا حالات کے رحم وکرم پر وقت کے دھارے پر بہتے ہوئے احساسات سے عاری ہوجاتے ہیں چونکہ ان لوگوںکے سامنے زندگی کا کوئی مقصد نہیں ہوتا، اس لئے وہ اپنے آپ کو بیکار سمجھنا شروع کردیتے ہیں۔
’’تم بھی ایسا ہی خیال کررہے ہو ؟‘‘ درویش نے نوجوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا۔نوجوان نے مردہ دلی سے اثبات میں سرہلایا!
یقینا ایسی سوچ سنگین غلطی ہے۔درویش نے دور خلائوںمیں گھورتے ہوئے کہا ۔ قادر ِمطلق نے کوئی چیز بے کارپیدانہیں کی ۔انسان تو پھر اشرف المخلوقات ہے۔ یہی سمجھنے والا فلسفہ ہے، اگر اللہ تعالیٰ نے کوئی چیز بے کار پیدانہیں کی تو ہم کون ہوتے ہیں جو اپنے آپ کو فضول اوربے کار سمجھنا شروع کردیں ۔یہ بھی کفران ِ نعمت ہے ۔دوسروں سے الگ تھلک رہنا یا معاشرے سے کٹ کررہ جانا اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ اس طرز ِ عمل کو رہبانیت کہاگیا ہے ۔ویسے بھی زندگی زندہ د لی کا نام ہے ۔ یہ وحدہ‘ لاشریک کا کتنا کرم ہے کہ اس نے ہمیں اپنے محبوب ﷺ کا امتی بنایا۔ جسمانی معذوروں کو دیکھ کرسوچیں تو قدم قدم پر سجدے کریں تو یہ بھی کم ہے۔ اللہ نے انسان کو اتنا پرفیکٹ بنایا کہ اس کی مثال نہیں ملتی ۔آپ سب تصورکی آنکھ سے اپنے آپ کو دیکھیں ۔آپ کی جسمانی ساخت ہر لحاظ سے مکمل ہو صرف ایک ہاتھ کی ایک انگلی نہ ہو تو آپ کیسا محسوس کریں گے؟ یاآپ کی چال متوازن نہ ہو،زبان میں لکنت ہو دونوں آنکھیں ہوںایک آنکھ محض تھوڑی سی ٹیڑھی ہو آپ کو کیسا لگے گا؟ یقین جانو انسان ہروقت اللہ کا شکر اداکرے تب بھی اس کی دی ہوئی نعمتوںکا شکرانہ ادا نہیں ہوسکتا جو لوگ احساسات سے عاری ہورہے ہیںیا جن کے دلوںمیں اضطراب دم توڑرہاہے ان کیلئے مخلصانہ مشورہ ہے، وہ اپنے معامالات پر ازسرنو غورکریں۔ وہ اپنے آپ کو مصروف کرلیں ۔اس کا آسان حل یہ ہے کہ اپنی ذات کو سماجی کاموںکیلئے وقف کردیں جس کے پاس وسائل نہیں ہے پھر بھی وہ انسانیت کی خدمت کرسکتاہے اپنی گلی محلے میںلوگوںکے چھوٹے موٹے مسائل حل کرنے کیلئے کوشش کریں یا کسی سماجی تنظیم میںشامل ہوجائیں ۔بہت سے لوگ آ پ کی توجہ کے منتظرہیں ۔ اس کے ساتھ ساتھ عبادات میں اپنا دل لگانے کی کوشش کریں اورخودکو ایک اچھا انسان بنانے کی تحریک پیداکریں ۔ اس ضمن میں ایک نسخہ یہ ہے کہ وعظ و تلقین کے بجائے اپنے کردار سے دوسروںکیلئے مثال بنیں۔ یقین کریں ان اعمال سے آپ کے اندرکی تاریکیاں چھٹ جائیں گی دل و دماغ جگمگ جگمگ روشن روشن ہوجائیں تو پھر نفرتیں،کدورتیں،لالچ ، خوف نہ جانے کہاں تحلیل ہوجاتے ہیں پھر انسان اپنے مفادات کیلئے انسانیت کیلئے جینے کی کوشش کرتاہے ۔یہی انسانیت کی معراج ہے۔ یہی آج کا درس ہے اور ہمارے بہت سے مسائل کا حل بھی، کوشش تو کرکے دیکھیں۔
درویش نے ایک آہ بھرکرکہا ہمارامعاشرہ تیزی سے رہبانیت کی طرف گامزن ہے ۔ یہ سفر جتنی جلدی ممکن ہو رک جاناچاہیے۔ ایک دوسرے سے الگ تھلک ہوکرجینا رہبانیت ہی تو ہے، ذرا غورکریں! خاندان کے تمام فرد ایک چھت میں موجود ہونے کے باوجودایک دوسرے سے لاتعلق رہتے ہیں۔ اتنے بے مروت تو ایک بس میں سفر کرنے والے بھی نہیں ہوتے کسی نے موبائل کو زندگی بنارکھاہے، کوئی لیپ ٹاپ پر سرجھکائے بیٹھاہے ،کوئی ٹی وی کی جان نہیں چھوڑرہا ۔میرے بچو یہ زندگی نہیں آزارہے۔ زندگی فطرت کو انجوائے کرنے کا نام ہے۔ صحت مندمشاغل،عبادات،ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شراکت کیے بغیر زندگی کا مزانہیں لیا جاسکتا ۔ آج ضروری ہے کہ زندگی کے معاملات میں توازن قائم کیاجائے ۔ یہ کائنات بھی توازن کی جیتی جاگتی تعبیرہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہر چیز پرفیکٹ بنائی ہے، اس کا تو چیلنج ہے کوئی خامی ڈھونڈ کردکھائو، یقینا ہر نظرناکام ہوجائے گی۔ زندگی میں بھی توازن کے بغیر معاملات بہتر نہیں ہوسکتے ۔دین کے ساتھ ساتھ دنیا ہوتو اندرکی تاریکیاں چھٹ جاتی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں