میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
شہر کی انتظامیہ قبضہ مافیا کے سامنے بے بس ہے، شہر قائد کو علاقہ غیر نہ سمجھا جائے، مراد علی شاہ

شہر کی انتظامیہ قبضہ مافیا کے سامنے بے بس ہے، شہر قائد کو علاقہ غیر نہ سمجھا جائے، مراد علی شاہ

منتظم
بدھ, ۳ جنوری ۲۰۱۸

شیئر کریں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کی زمین یہاں کے عوام کی ہے اور یہ علاقہ غیر نہیں زمینوں پر غیر قانونی قبضے خود ختم کراؤں گا۔منگل کووزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے زمینی معاملات پرغور کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کو کورنگی اور دیگر علاقوں میں گاربیج کی منتقلی اور لینڈ فل سائٹ کے لیے زمین کے مسائل ہیں۔وزیر بلدیات جام خان شورو نے دوران بریفنگ بتایا کہ جی ٹی ایس کے لیے کے ڈی اے نے سیکٹر 52 کورنگی میں گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن کے لیے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کو زمین الاٹ کی ہے، جبکہ پاک آرمی کا کہنا ہے کہ یہ زمین ان کی ہے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو ضلع شرقی کے لیے سہراب گوٹھ میں جی ٹی اے کے لیے زمین دی گئی ہے، لیکن اس زمین پرغیرقانونی قبضہ کیا جارہا ہے، ضلع ملیر کے دیہی گنگیارو پر 40 ایکڑ زمین ہے جس پربھی کچھ بااثرلوگوں کا قبضہ ہے۔ اس کے علاوہ میوہ شاہ اور دھوبی گھاٹ پر بھی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی زمین پر قبضہ ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو زمین کا ریکارڈ اور اس کی ملکیت واضح کرنے کا حکم دے دیا۔انہوں نے کراچی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی انتظامیہ قبضہ مافیا کے سامنے اتنی بے بس ہے، یہ کراچی ہے کوئی علاقہ غیر نہیں کہ لوگ آپ کو کام کرنے نہیں دے رہے۔ یہ دیکھ کر مجھے بہت افسوس ہوا ،لیکن میں بے بس نہیں، میں خود نکلوں گا اور قبضہ ختم کراؤں گا، یہ زمین کراچی کے عوام کی ہے میں اس کولٹنے نہیں دوں گا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں