فاٹا میں منتخب کونسل تشکیل دی جائے، محمود خان اچکزئی
شیئر کریں
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) چیئرمین پشتونخواملی عوامی پارٹی اوررکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہاہے کہ فاٹا کے عوام کی منشاء کے مطابق ایف سی آر کی غیر جمہوری شقوں کو ختم کرکے فاٹا میں منتخب کونسل تشکیل دی جائے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء خان زہری کو اس بات کی سزاد ی جارہی ہے کہ وہ اپنی پارٹی کے قائد نواز شریف کی جمہوری پالیسیوں پر عمل پیرا اور بلوچستان کے وسائل پر اختیار پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کررہے ہیں۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کی ہر حد تک کوشش کرے گی، پاکستان میں اس وقت اتنی سقت نہیں کہ وہ کسی غیر جمہوری گڑ بڑ کا متحمل ہوسکے، کرپشن پاکستان کی ملکی بیماری ہے اس کا علاج سب کو ملکر کرنا ہوگا۔ ملکی سالمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے میری تجویز ہے کہ ہم افغانستان سے دوستی کرلیں، ورنہ نہ سی پیک کامیاب ہوگا نہ ہم ترقی کرسکیں گے، عمران خان اے پی ڈی ایم کے زمانے کے دوست ہیں ،اگر وہ جمہوریت ،پارلیمنٹ کی بالادستی کا ساتھ دے تو ان سے دوستی اور اتحاد ہوسکتا ہے۔ یہ بات منگل کو ایم پی اے ہاسٹل کوئٹہ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر پشتونخواملی عوامی پارٹی کے پارلیمانی پارٹی کے ممبران ،سینیٹرعثمان کاکڑ ،صوبائی وزراء نواب ایا ز خان جوگیزئی ،سردار مصطفی خان ترین ،عبدالرحیم زیارتوال ،وزیراعلی کے مشیر عبیداللہ بابت ،اراکین صوبائی اسمبلی لیاقت آغا ،نصراللہ زیرے سمیت پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی محمود خان اچکزئی نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء خان زہری کو پارٹی کے قائد میاں نواز شریف اور پارٹی قیادت کے پارلیمنٹ کی بالادستی ،آئین اور جمہوریت کے ساتھ دینے کی پالیسی اور جدوجہد کو سپورٹ کرنے کی سزادی جارہی ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی ان کے خلاف پیش ہونے والی تحریک التواء کو ہر حد تک ناکام کرنے کی کوشش کرے گی۔