حالات بہتر ہورہے ہیں تو انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، منظور وسان
شیئر کریں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دس فروری سے پہلے ملک میں کچھ نہیں ہوا تو سینیٹ اور جنرل الیکشن وقت پر ہوں گے۔2018 ماضی کے تمام برسوں سے منفرد اور مختلف ہوگا، سال کے پہلے ماہ سیاست میں اُتار چڑھاؤ ہوسکتا ہے، کچھ کیسز ختم ہوں گے اور کچھ نئے کیسز بنیں گے۔ یہ بات منگل کوسندھ سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں کچھ ہوا توپھر عام انتخاب کچھ عرصے تک ملتوی ہوجائیں گے،2018 دیگر سالوں سے مختلف ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عام انتخا بات اسی سال ہوں گے،جنوری سے دس فروری تک ملک کے لیے اہم دن ہے ،کچھ نئے کیس بنیں گے اور کچھ پر فیصلے آئیں گے، اگر ملک کی یہی صور تحال رہی تو انتخاب وقت پر ہوں گے،اگر اس دوران کچھ ہوا تو انتخاب نہیں ہوں گے۔اس عرصے کے دوران وزیراعظم کے ساتھ سب کے تعلقات اچھے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ماہ بیرونی خطرات مزید بڑھیں گے،ٹرمپ کے بیان کے بعد قوم اور سیاسی جماعتیں متحد ہوجائیں گی۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نواز شریف کوئی بھٹو نہیں ہے کہ انٹرنیشنل ایشوز پر مشاورت کے لیے سعودی عرب والوں نے بلایا ہو،وہاں پر کچھ اور ایشو تھے جس پر شریف برادران گئے ہوں گے۔