پی پی ایم کیوایم مذاکرات،نئی حلقہ بندیوں کے روڈمیپ پراتفاق نہ ہوسکا
شیئر کریں
پیپلز پارٹی اورایم کیو ایم کے وفد کے مابین بلدیاتی حلقہ بندیوں اورایڈمنسٹریٹرز کی تقرری سمیت دیگر امورپرمذاکرات میں نئی حلقہ بندیوں کے روڈ میپ پراتفاق نہیں ہوسکا ہے،پیپلزپارٹی نے حلقہ بندیوں کے لیے ایم کیوایم کے سامنے الیکشن کمیشن کورضامند کرنے کی شرط رکھ دی ہے۔دونوں جماعتوں کے رہنماں کے مابین وزیراعلی ہاس میں ڈیڑھ گھنٹے مذاکرات ہوئے جس میں پیپلزپارٹی ایم کیوایم معاہدے پر پیش رفت سے متعلق جائزہ لیا گیا۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم وفد کو نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کا معاملہ الیکشن کمیشن سے مشروط کرتے ہوئے کہاکہ ہم نئی حلقہ بندیوں کے لیے تیار ہیں لیکن الیکشن کمیشن کو آپ کے وکلا راضی کریں جبکہ کراچی میں ایڈمنسٹریٹرز کا تقرردسمبرمیں متوقع ہے۔پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، ناصر حسین شاہ، کراچی ایڈمنسٹریٹر مرتضی وہاب و دیگر جبکہ ایم کیوایم کے وفد میں وسیم اختر، خواجہ اظہارالحسن، امین الحق اور محمد حسین شامل تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے سندھ حکومت سے موجودہ حلقہ بندیوں کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاہم پیپلزپارٹی کی جانب سے معاملے کوالیکشن کمیشن سے مشروط کرنے پرنئی حلقہ بندیوں کے معاملے پردونوں جماعتوں کے مابین مشاورت میں پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔ایم کیوایم کی جانب سے آرٹیکل 140 اے کے تحت شہری حکومت کو آئین کے مطابق اختیارات دینے اور بلدیاتی الیکشن سے پہلے ایم کیو ایم کا نامزدہ کردہ ایڈمنسٹریٹر لگانے کا بھی مطالبہ دہرایا گیا ہے۔