میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ملک ریاض بحریہ ٹاؤن کے غیر قانونی الاٹمنٹ ریفرنس سے باآسانی نکلنے میں کامیاب

ملک ریاض بحریہ ٹاؤن کے غیر قانونی الاٹمنٹ ریفرنس سے باآسانی نکلنے میں کامیاب

ویب ڈیسک
جمعه, ۲ دسمبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

پاکستان کے ریئل اسٹیٹ ٹائیکون ملک ریاض بحریہ آئیکون ٹاور کے غیر قانونی الاٹمنٹ سے متعلق ریفرنس سے باآسانی نکلنے میں کامیاب ہوگئے، احتساب عدالت اسلام آباد نے کہا کہ ان کے پاس اس کیس کی سماعت کا دائرہ اختیار نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک اور علیحدہ کیس 19 کروڑ پاؤنڈز (50 ارب روپے) مالیت کے اثاثوں کی ریکوری سے متعلق کیس کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے ملک ریاض کو پیش ہونا تھا۔بعد ازاں وہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش نہ ہوسکے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے موجودہ حکومت کی جانب سے قومی احتساب بیورو میں ترامیم کی بنیاد پرملزمان کی جانب سے دائر کیے گئے بحریہ آئیکون ٹاور ریفرنس کی درخواستوں کو نمٹاتے ہوئے کہا کہ چونکہ ان کے پاس ریفرنس کی سماعت کا دائرہ اختیار میں نہیں آتا اس لیے یہ کیس قومی احتساب بیورو کو بھیجا جاتا ہے تاکہ وہ متعلقہ فورم کو بھیج سکیں۔خیال رہے کہ یہ ریفرنس 3 سال قبل دائر کیا گیا تھا اور نیب نے 15 مشتبہ ملزمان کو نامزد کیا تھا،ریفرنس کے مطابق ملزمان نے باغ ابنِ قاسم سے متصل پلاٹ کو غیر قانونی طور پر الاٹ کرکے بحریہ ٹاؤن نے ٹاور تعمیر کیا ہے، جس سے قومی خزانے کو ایک کھرب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔بحریہ آئیکون ٹاور ریفرنس ، جعلی بینک اکاؤنٹس کیس سے منسلک ہے۔کیس میں نامزد ملک ریاض اور ان کے بیٹے علی ریاض ملک کے علاوہ دیگر ملزمان میں ڈاکٹر دنشا انکلیسریا، لیاقت قائم خانی، یوسف بلوچ، وقاص رفعت، غلام عارف، خواجہ شفیق، عبدالسبحان میمن، جمیل بلوچ، افضل عزیز، سید محمد شاہ، خرم عارف، عبد اللہ، کریم پلیجو اور خواجہ بدیع الزمان شامل ہیں۔نیب نے 19 کروڑ پاؤنڈ (50 ارب روپے) مالیت کے اثاثوں کی ریکوری سے متعلق تحقیقات کے لیے ملک ریاض کوگزشتہ روز یکم دسمبر کو طلب کیا تھا، بعد ازاں وہ نیب کے سامنے پیش نہ ہوئے۔نیب کے خط کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے مالک نے القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کے لیے موضع برکالا، تحصیل سوہاوہ ضلع جہلم میں واقع 458 ایکڑ، 4 مرلے اور 58 مربع فٹ زمین عطیہ کی ہے، لہذا آپ کے پاس وہ معلومات اور ثبوت ہیں جو مذکورہ جرم سے متعلقہ ہیں۔نوٹس میں ملک ریاض کو کہا گیا ہے کہ وہ تحصیل سوہاوہ میں 458 کنال اراضی کی خریداری کے حوالے سے مکمل ریکارڈ پیش کریں جس کے تحت بحریہ ٹاؤن نے القادر ٹرسٹ کو زمین عطیہ کی اور ان کی جانب سے منتقل کی گئی دیگر جائیداد کی تفصیلات فراہم کریں۔غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق عمران خان کی اہلیہ القادر ٹرسٹ کے ٹرسٹیز میں سے ایک ہیں، نوٹس میں ملک ریاض کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر انہوں نے اس نوٹس کی تعمیل نہیں کی تو انہیں قومی احتساب بیورو 1999 کے تحت نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں