وفاق کو پٹرول بحران کی تحقیقاتی رپورٹ 14دسمبر تک پبلک کرنے کی مہلت
شیئر کریں
لاہور ہائیکورٹ نے وفاق کو14دسمبر تک پٹرول بحران سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ پبلک کرنے کی مہلت دیدی۔بدھ کو لاہور ہائیکورٹ میں پٹرول بحران اور قیمتوں میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، اس دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پٹرول بحران کی تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں، تحقیقاتی رپورٹ پبلک کرنے کے لیے کابینہ کو بھجوادی ہے ۔چیف جسٹس ہائی کورٹ قاسم خان نے کہا کہ رپورٹ اب تک عوام کے سامنے کیوں نہیں لائی گئی، اگر آئندہ سماعت تک رپورٹ پبلک نہ کی تو تمام فریقین عدالت میں پیش ہوں گے ۔عدالت نے وفاقی حکومت کو رپورٹ پبلک کرنے کے لیے 14دسمبر تک مہلت دیدی۔ چیف جسٹس قاسم خان نے رپورٹ پبلک نہ کرنے کی صورت میں 14دسمبر کو کمیشن کے سربراہ ابوبکر خدابخش کو پیش ہونے کا حکم دیدیا۔جسٹس قاسم خان نے ریمارکس دئیے کہ وزیراعظم عمران خان تو کہتے ہیں ہر معاملے کی رپورٹ پبلک ہونی چاہیے پھر یہ کیوں نہیں ہوئی؟ کمیشن کے سربراہ رپورٹ بند لفافے میں رپورٹ عدالت میں جمع کروائیں۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ گذشتہ روز کابینہ اجلاس میں رپورٹ ایجنڈے کا حصہ نہیں تھی، آئندہ کابینہ کے اجلاس میں رپورٹ پیش کریں گے ۔