کراچی میں گیس بحران سنگین، گھروں کے چولہے بجھ گئے
شیئر کریں
کراچی میں لائنز ایریا ،لیاری ، صدر، نارتھ ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں میں گیس بحران سنگین ہو گیا، گھروں کے چولہے بجھ گئے۔ مکینوں نے لکڑیوں اور سلنڈرز سے گزارا کرنا شروع کردیا،دوسری جانب سوئی سدرن کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ تین روز قبل گیس کی کمی ہوئی تھی، اب سندھ میں سپلائی بہتر ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں گیس بحران سے گھریلو صارفین گیس کی لوڈشیڈنگ اور لو پریشر کے باعث پریشان ہوگئے ہیں،مجبوری میں لکڑیوں اور سلنڈرز کا استعمال شروع کردیاہے۔ کراچی کے لائنز ایریا میں گیس بحران نے مکینوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔لائنز ایریا کے مکین سلنڈر اور لکڑیوں پر کھانا پکا رہے ہیں، کہتے ہیں آئے روز ہوٹل کا کھانا ان کے بجٹ پر بھاری پڑ جاتا ہے۔ سردیاں بھرپور طریقے سے آئی بھی نہیں لیکن مسائل پہلے ہی سر اٹھانے لگے۔ سوئی سدرن حکام دعویٰ کرتے ہیں کہ صارفین کو بلا تعطل گیس مہیا کی جارہی ہیں لیکن علاقے کی صورتحال دعوئوں کی نفی کرتی دکھائی دی۔بلوں کی ادائیگی کے باوجود شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، صرف لائنزایریا ہی نہیں بلکہ فیڈرل بی ایریا، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹائون سمیت کئی علاقوں میں گیس کی بندش کا سلسلہ جاری ہے۔دوسری جانب سوئی سدرن کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ تین روز قبل گیس کی کمی ہوئی تھی، اب سندھ میں سپلائی بہتر ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کے مطابق شہر میں 3 روز قبل ایس ایس جی سی سسٹم میں گیس کمی ہوی تھی۔کمپنی ترجمان کے مطابق گیس قلت سے لان پیک متاثر ہوا اور کچھ علاقوں میں گیس سپلای متاثرہوئی تھی۔ سسٹم میں گیس سپلای بہتر ہوئی ہے، لان پیک بحال ہوگیا۔ترجمان سوی سدرن نے کہا کہ سندھ بھر میں کسی قسم کی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ کراچی کے صنعتی علاقوں کو پورے پریشر سے گیس کی فراہمی جاری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ صارفین کم پریشر یا گیس فراہمی کے مسائل 1199 کو اطلاع دے کر حل کرائیں۔