میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
منشیات برآمدگی کیس، رانا ثنا اللہ سمیت 6ملزمان کا 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ

منشیات برآمدگی کیس، رانا ثنا اللہ سمیت 6ملزمان کا 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ

ویب ڈیسک
منگل, ۲ جولائی ۲۰۱۹

شیئر کریں

منشیات برآمدگی کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ (ن)پنجاب کے صدر و ممبرقومی اسمبلی رانا ثنا اللہ سمیت 6ملزمان کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا جبکہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ میرے خلاف منشیات کا مقدمہ ظلم ہے اور ظلم اور جھوٹ زیادہ دیر نہیں رہے گا،رانا ثنا اللہ کی پیشی کے موقع پر ضلع کچہری کے اندر اور باہر سکیورٹی کے انتہائی کے سخت انتظامات کیے گئے ،ضلع کچہری کے اطراف میں کنٹینر زکھڑے کر کے اورخار دار تاریں لگا کر راستوں کو بند رکھا گیا ۔تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے رانا ثنااللہ سمیت چھ ملزمان کو ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ احمد وقاص کے روبرو پیش کیا گیا۔سماعت کے دوران اعظم نذیر تارڑ نے عدالت سے رانا ثنا اللہ سے مشاورت کی اجازت دینے کی استدعا کی جس پر عدالت نے کہا کہ کمرہ لوگوں سے بھرا ہوا ہے اس کی اجازت نہیں دے سکتا۔ اعظم نذیر تارڑ نے موقف اپنایا کہ دس منٹ کی اجازت دیدی جائے کمرہ خالی کرا لیتے ہیں جسے عدالت نے منظور کر لیا ۔ رانا ثنا اللہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل پر سیاسی کیس بنا کر گرفتاری ڈالی گئی ہے ۔اے این ایف کی جانب سے ملزمان سے برآمد ہونیوالی منشیات کی مقدار سے آگاہ کیا ۔عدالت نے رانا ثنا اللہ ،اکرم، عمر فاروق، عامر رستم، عثمان احمد اور سبطین خان کو14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دیدیا۔جوڈیشل ریمانڈ پر بھیجنے کے حکم کی روبکار جاری ہونے کے بعد رانا ثنا اللہ سمیت تمام ملزمان کو کیمپ جیل لاہور منتقل کر دیا گیا ۔اس موقع پر لیگی وکلا ء نے رانا ثنااللہ سے پاؤر آف اٹارنی پر دستخط لیے ۔ رانا ثنا اللہ سے اظہا ریکجہتی کیلئے اراکین اسمبلی اور کارکن ضلعی کچہری پہنچے جنہوں نے رانا ثنا اللہ ،قیادت کے حق میں اورحکومت کے خلاف نعر ے لگائے ۔ اس موقع پر رانا ثنا اللہ خان نے کارکنوں کے نعروں کے جواب میں وکٹری کا نشان بنایا ۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ میرے اوپر منشیات کا مقدمہ ظلم ہے اور ظلم اور جھوٹ زیادہ دیر نہیں رہے گا۔رانا ثنا اللہ کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے پیش نظر کچہری کے چاروں اطراف کنٹینرز کھڑے کیے گئے اور خار دار تاریں لگا دی گئیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔رانا ثنا اللہ پر درج کی گئی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے 21کلو سے زائد منشیات برآمد کی، برآمد ہونے والے منشیات میں 15 کلو ہیروئن بھی شامل ہے۔مقدمے میں منشیات ایکٹ کی 9 سی، 15، 17 اور دیگر دفعات شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ مخبر نے اطلاع دی راناثنااللہ کی گاڑی میں منشیات ہے، راناثنااللہ کی گاڑی کو روکنے کیلئے حکمت عملی مرتب کی گئی، موٹر وے سے آنیوالی تمام گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔راناثنا اللہ کی گاڑی کو روکا تو ان کے ساتھیوں نے ہاتھا پائی کی۔رانا ثنا اللہ اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں