حریت پسند کو دہشت گرد قرار دینا سب سے بڑا جھوٹ ہے ‘ صلاح الدین
شیئر کریں
مظفر آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حزب المجاہدین کے امیر سید صلاح الدین کا کہنا ہے کہ امریکا نے پاکستان دشمنی اور بھارت کو مطمئن کرنے کیلیے ایک فریڈم فائٹر کو دہشتگرد قرار دیا جو دنیا کا سب سے بڑا جھوٹ ہے جبکہ پابندیوں سے مقبوضہ کشمیر میں ہماری جدوجہد پر اثر نہیں پڑے گا۔ مظفرآباد میں متحدہ جہاد کونسل کے چیرمین اور حزب المجاہدین کے امیر سید صلاح الدین نے امریکا کی جانب سے عالمی دہشتگرد قرار دیے جانے کے بعد پہلی بار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایک فریڈم فائٹر کو دہشتگرد قراردینا دنیا کا سب سے بڑا جھوٹ ہے جسے ہم مسترد کرتے ہیں جبکہ امریکا نے بھارت کو مطمئن کرنے کے لیے مجھے دہشتگرد قرار دیا اور یہ پاکستان دشمنی میں کیا گیا امریکا اسرائیل اور بھارت کا مشترکہ اقدام ہے تاہم اس اقدام سے مقبوضہ کشمیر میں ہماری جدوجہد پر کوئی اثر نہیں پڑ گا کشمیری حریت پسند رہنما کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو 1947 سے ہی تسلیم کرلیا گیا تھا جبکہ ہماری حالیہ جدوجہد اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق ہے لہذا ہم دہشتگرد نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ امریکا کسی ایک مثال سے بھی یہ ثابت نہیں کرسکتا کہ میرے ساتھیوں یا میں نے کسی قسم کی دہشتگردی کا قدم اٹھایا ہو جبکہ ایسی بے پناہ مثالیں موجود ہیں جب بھارتی فوجیوں نے کشمیری فریڈم فائٹرز کے سامنے ہتھیار ڈالے اور انہیں قتل نہیں کیا گیا۔حزب المجاہدین کے امیر کا کہنا تھا کہ آزادی کے لیے لڑنے والے کشمیری معصوم ہیں اور اگر امریکا کسی کو دہشتگرد قرار دینا چاہتا ہے تو اسے چاہیے وہ بھارتی فوجیوں کو دہشت گرد قرار دے جو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے ہاتھ 2 ہزار مسلمانوں کے خون سے رنگے ہیں جبکہ مودی کی امریکا میں داخل ہونے پر بھی پابندی تھی مگر گجرات کے قصائی کے لیے واشنگٹن میں ریڈ کارپٹ بچھانے پر دنیا حیران ہے سید صلاح الدین کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کو کمزور کرنے اور نقصان پہنچانے کے لیے شدت پسند تنظیم داعش اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی معاونت کررہا ہے جبکہ یہ دونوں تنظیمیں ٹرمپ کی ایجنٹ ہیں اور ہم ان کے تمام اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔