محکمہ آبپاشی کا بیڑہ غرق!!
شیئر کریں
محکمہ آبپاشی میں اختیارات کے لیے سرکاری افسران اورغیر سرکاری مہروں میں مقابلہ زور پکڑ گیا،سیکریٹری بھی بے بس
نیب کے خوف سے دبئی میں مقیم حاجی علی حسن زرداری محکمہ آبپاشی کے تمام منفعت بخش معاملات پر مکمل گرفت رکھتے ہیں
الیاس احمد
محکمہ آبپاشی اس لحاظ سے اہمیت کا حامل رہا ہے کیونکہ وہ دریائے سندھ کے ساتھ ساتھ چھوٹی بڑی نہروں کو مضبوط بنانے اور سیلاب سے قبل بچائو کے لیے اقدامات کرتا ہے مگر محکمہ آبپاشی ہمیشہ اپنے مینڈیٹ سے انحراف کے باعث تنقید کا نشانا بنتا رہا ہے۔ سیلاب اور سپرسیلاب آتے ہیں تو بڑی تباہی پھیل جاتی ہے لیکن محکمہ آبپاشی کے کسی ایک بھی اہلکار کو سزا نہیں ملتی۔ محکمہ آبپاشی کو اربوں روپے ملتے ہیں تاکہ دریائے سندھ مضبوط ہو چھوٹے بڑے نہر کے حفاظتی بند ناقابل تسخیر بن جائیں اور سیلاب میں جو پانی آئے اس کو برداشت کرسکے اور کوئی جانی مالی نقصان نہ ہو مگر سندھ میں تین سپر سیلاب آئے ہیں جس کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہوئے، سینکڑوں گھر پانی برد ہوگئے ہیں درجنوں افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔ مگرا س حوالے سے آج تک جتنی بھی تحقیقات کی گئیں اس میں محکمہ آبپاشی کے کسی ملازم کو سزا تو دور کی بات ہے انہیں علامتی سزا بھی نہیں مل سکی ہے۔
کشمور سے لے کر ٹھٹھہ تک 2010 کے سپر سیلاب میں دس لاکھ افراد بے گھر ہوئے مگر اس سیلاب میں ناقص اقدامات پر محکمہ آبپاشی کے کسی افسر کو سزا نہ مل سکی۔ سپر سیلاب سے محکمہ آبپاشی کے افسران کو کروڑوں اربوں روپے ضرور ملے اور وہ امیر سے امیر ترین بن گئے۔ محکمہ آبپاشی کی آج کل باگ ڈور آصف علی زرداری کے قریب ترین رشتہ دار حاجی علی حسن زرداری کے ہاتھ میں ہے ۔ سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا تھا کہ حاجی علی حسن زرداری 2008ء میں نواب شاہ میں دودھ فروخت کرتے تھے۔ ان کے پاس سوزوکی پک اپ تھی جس میں وہ ضلع بھر سے دودھ کے ڈبے بھر کر نواب شاہ شہر میں لاتے تھے اور ہوٹلوں، گھروں اور دودھ فروشوں کو فروخت کرتے تھے لیکن 2008ء میں جب حاجی علی حسن زرداری نے غیر اعلانیہ طورپر محکمہ آبپاشی کو سنبھالا ،اُس وقت سے لے کر اب تک وہ کھرب پتی بن چکے ہیں جب انہوں نے دیکھا کہ نیب اور دیگر تحقیقاتی اداروں کی نظر میں آئے تو وہ فوری طورپر لندن چلے گئے جہاں اطلاعات کے مطابق انہوں نے برطانیا کی شہریت لے لی ہے لیکن وہ زیادہ تر وقت دبئی میں گزار رہے ہیں۔ حاجی علی حسن زرداری نے محکمہ آبپاشی کا بیڑا غرق کردیا ہے۔ وہ محکمہ آبپاشی کے ٹھیکے فرضی کمپنیاں بناکر خود لے رہے ہیں ۔ اُنہوں نے اپنا فرنٹ مین اقبال احمد شیخ کو بنا رکھا ہے جو پہلے سب انجینئر تھامگر ساتھ ساتھ چھوٹے ٹھیکے لیتا تھا مگر آج کل اقبال شیخ
بھی ارب پتی بن چکا ہے، کل جو سب انجینئر تھا اور چھوٹا ٹھیکیدار تھا آج وہ اربوں روپے کے ٹھیکے اپنے نام لیتا ہے اور چیف انجینئرز کی پوسٹنگ کراتا ہے۔ حاجی علی حسن زرداری کاوہ دایاں ہاتھ بنا ہوا ہے ۔ رواں سال کے شروع میں ظہیر حیدر شاہ کو حاجی علی حسن زرداری نے روہڑی کینال کے 6 ارب روپے کے ٹھیکے میں سست روی کرنے پر ہٹایا ۔ حالانکہ ان کی ریٹائرمنٹ میں ڈیڑھ ماہ کا وقت باقی تھا اور اس وقت احمد جنید میمن کو نیا سیکریٹری آبپاشی بنادیا گیا۔ حاجی علی حسن زرداری نے اقبال شیخ کے کہنے پر احمد جنید میمن کو اس لیے سیکریٹری آبپاشی بنایا کیونکہ وہ نیب کے ریفرنس کا سامنا کررہے تھے، اُن کو نیب نے گرفتار بھی کیا تھا اور چار ماہ بعد رہا ہوئے تھے مگر سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ نان کیڈر افسران کو سیکریٹری کے عہدے سے ہٹایا جائے تو احمد جنید میمن کو ہٹانا پڑا پھر نوابشاہ سے تعلق رکھنے والے جمال مصطفی شاہ کو سیکریٹری آبپاشی لگادیا گیا۔ یہ تعیناتی اقبال شیخ کی سفارش پر حاجی علی حسن زرداری نے کی تھی حالانکہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ قطعی طورپر جمال مصطفی شاہ کوپسند نہیں کرتے کیونکہ جمال مصطفی شاہ مراد علی شاہ کی بہن کو طلاق دے چکے ہیں مگر حاجی علی حسن زرداری کے سامنے مراد علی شاہ نے خاموشی اختیار کرلی۔ چند ہفتوں میں جب نئے سیکریٹری مصطفی جمال شاہ نے اپنی مرضی سے فیصلے کرنا شروع کیے تو ایک مرتبہ پھر اقبال شیخ کی تجویز پر حاجی علی حسن زرداری نے محکمہ آبپاشی میں اسپیشل سیکریٹری کی نئی اسامی پیدا کی اور احمد جنید میمن کو اسپیشل سیکریٹری بنادیا گیا۔ احمد جنید میمن کو ٹھیکوں، ادائیوں اور محکمہ جاتی فنی معاملات کا سربراہ بنادیا گیا اور سیکریٹری آبپاشی جمال مصطفی شاہ کو صرف افسران کی تقرریوں اورتبادلوں تک محدود کیا گیا ہے جس کے باعث محکمہ آبپاشی میں اندرونی طورپر کھنچائو نظر آنے لگا ہے۔ حاجی علی حسن زرداری دبئی میں لارڈ بنے بیٹھے ہیں اور وہاں سے اقبال شیخ کے ذریعہ پورے محکمے کو چلارہے ہیں۔ اب تو محکمہ آبپاشی میں کلرک کا تبادلہ ہوتا ہے تو اس کے لیے بھی اقبال شیخ کے ذریعہ حاجی علی حسن زرداری سے منظوری لی جاتی ہے اور اس اہم محکمہ کے تمام معاملات سے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو دور رکھا گیا ہے جس کے باعث غیر یقینی کی کیفیت میں اضافہ ہورہا ہے۔